اننت ناگ (جموں کشمیر) :جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں تریل گاؤں میں نقب زنی کی واردات کے دوران لٹیرون نے ایک رہائشی مکان سے لاکھوں روپے مالیت کی املاک اڑا لی۔ متاثرین کے مطابق نقب زن دوران شب ان کے رہائشی مکان میں داخل ہوئے اور طلائی زیورات سمیت دیگر قیمتی اشیاء چُرا کر بھاگ نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ اس واردات میں نہ صرف ان کا مالی نقصان ہوا ہے بلکہ علاقے کے رہائشیوں کو سیکورٹی اعتبار سے بھی کافی خدشات لاحق ہوئے ہیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ انہوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی جنہوں نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کر لیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کی تلاش کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہے اور اس ضمن میں انہوں نے مقامی باشندوں سے بھی مدد کی اپیل کی ہے۔ پولیس کے مطابق انہوں نے عوام سے ’’کسی بھی مشکوک سرگرمی یا حرکت کا مشاہدہ ہونے کی صورت میں پولیس کو مطلع‘‘ کرنے کی ہدایت دی ہے۔‘‘