اننت ناگ : جنوبی کشمیر میں اننت ناگ ضلع کے کوکرناگ جنگلاتی علاقے سے منگل کی شام اغوا کئے گئے ایک ٹیریٹوریل فوجی جوان کی لاش آج برآمد ہوئی۔ ایک اعلیٰ پولیس افسر نے بتایا کہ منگل کی شام ایک ٹیریٹوریل (TA) فوجی جوان کے لاپتہ ہونے کے بعد آج صبح پولیس اور فوج کی طرف سے مشترکہ طور پر تلاشی آپریشن شروع کیا گیا تھا۔ بڑے پیمانہ پر کئے گئے سرچ آپریشن کے دوران مغویہ فوجی جوان کی لاش جنگل سے برآمد ہوگئی۔
افسر کا مزید کہنا تھا کہ فوجی اہلکار کی ہلاکت اور وہ کیسے لاپتہ ہوا اس حوالے سے تحقیقات جاری ہے۔ مہلوک فوجی جوان کی شناخت مخدوم پورہ نوگام اننت ناگ کے رہنے والے ہلال احمد بٹ کے طور پر کی گئی ہے۔