اردو

urdu

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Jun 1, 2024, 6:32 PM IST

ETV Bharat / jammu-and-kashmir

بیروہ بڈگام کا پل سال میں تیسری بار بیکار،عوام پریشان حال - Beerwah Budgam Bailey Bridge

وسطی کشمیر کے بیروہعلاقے کا اہم بیلی برج آمدورفت کیلئے ایک بار پھر بند کر دیا گیا ہے۔ جس کے نتیجے میں عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی باشندوں کےمطابق یہ پل 1990 میں آرمی نے تعمیر کیا تھا اور اُس وقت سے لیکر اب تک اس کی دس سے پندرہ مرتبہ مرمت کی جا چکی ہے۔ تاہم، وقت کے ساتھ ساتھ پل کی حالت خستہ ہوتی جارہی ہے۔

بیروہ بیلی برج آمدورفت کے لئے معطل، رواں سال میں تیسری بار مرمت
بیروہ بیلی برج آمدورفت کے لئے معطل، رواں سال میں تیسری بار مرمت (etv bharat)

بڈگام: وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع کے بیروہ قصبے میں واقع بیلی برج، جوکہ علاقے کی شہ رگ سمجھا جاتا ہے۔ اس وقت بڑی اور مال بردار گاڑیوں کی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے کیونکہ اس کی رواں سال میں اب تک یہ تیسری مرتبہ مرمت کی جا رہی ہے۔ جس کے نتیجے میں عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی باشندوں کےمطابق یہ پل 1990 میں آرمی نے تعمیر کیا تھا اور اُس وقت سے لیکر اب تک اس کی دس سے پندرہ مرتبہ مرمت کی جا چکی ہے۔ تاہم، وقت کے ساتھ ساتھ پل کی حالت خستہ ہوتی گئی ہے اور اب یہ بڑی گاڑیوں کے وزن کو برداشت کرنے کے قابل نہیں رہا ہے۔

بیروہ بیلی برج آمدورفت کے لئے معطل، رواں سال میں تیسری بار مرمت (etv bharat)
سراج الدین نامی ایک مقامی شخص نے ای ٹی وی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ حال ہی میں آر اینڈ بی محکمے کے ایگزیکٹیو انجینئر نے بیروہ پل کو ہیوی لوڈڑ گاڑیوں(ایچ ایم وی) کی آمدورفت کے لئے معطل کر دیا۔ اس پل کو نوے کی دہائی میں آرمی نے تعمیر کیا تھا لیکن اب یہ خستہ ہو کر رہ گیا ہے اور بیروہ کے متصلہ دیہات کو اس وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ یہ ایک واحد پل ہے جو بیروہ سب ڈویژن کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر سے جوڑتا ہے لہٰذا ہم ایل جی انتظامیہ اور چیف انجینئر آر اینڈ بی کشمیر سے اپیل کرتے ہیں کہ اس پل کی جگہ نیا کنکریٹ پل تعمیر کیا جائے جو کہ بہت ضروری بن چکا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس پل کی خستہ حالی کی وجہ سے اسکولی بچوں، کالج طلباء، کاروباریوں، ملازمین، مزدوروں اور خاص کر بیماروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مزمل محمود نامی ایک اور شخص نے ای ٹی وی کو بتایا کہ یہ بیلی برج 1990 میں آرمی نے بنایا تھا اور تب سے لیکر اب تک اس کی متعدد بار مرمت کی گئی ہے۔ چونکہ اس کی لوہے کی پلیٹیں اور دیگر سامان زنگ آلود ہو چکے ہیں اور ساتھ ہی اس کے پلروں کی بھی مرمت ہو چکی ہے مگر اس کے باوجود یہ زیادہ پرانا ہونے کی وجہ سے پھر خراب ہو چکا ہے۔مزمل کا مزید کہنا ہے کہ یہ پل بیروہ سب ڈویژن کے لئے ایک شہ رگ کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ یہ پل نہ صرف ہم کو ضلع ہیڈ کوارٹر سے ملاتی ہے بلکہ یہ سیاحتی مقامات اور تمام دیگر گاؤں کو بھی آپس میں جوڑتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس پل کے حوالے سے جو عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے کہ اس کی جگہ ایک نیا پل تعمیر کیا جائے جس پر دو گاڑیاں ایک ساتھ چلے اور ساتھ ہی راہ گیروں کے لئے ایک فٹ پاتھ بھی ہو۔انہوں نے آخر میں بتایا کہ ہم ایل جی انتظامیہ، ضلع انتظامیہ اور خصوصا چیف انجینئر آر اینڈ بی کشمیر سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس پل کا مسئلہ اولین ترجیحات میں شامل کریں۔

مزید پڑھیں: گذشتہ 24 برسوں میں سال 2024 جموں کشمیر کے لیے اب تک کا سب سے پر امن سال رہا؟ - Killings In Kashmir

ای ٹی وی نے جب ایکزن آر اینڈ بی سب ڈویژن بیروہ سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ ہم نے اس بیلی برج کی حالت دیکھ کر اسے پہلے ہی بڑی اور مال بردار گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے معطل کردیا ہے اور ساتھ ہی نئے پل کی تعمیر کے لئے ایک ڈی پی آر بھی بنا کر منظوری کے لئے چیف انجینئر آر اینڈ بی کشمیر کو بھیج دیا ہے۔ جیسے ہی وہاں سے اس کی منظوری مل جاتی ہے ہم نئے پل پر کام شروع کر دیں گے تاکہ عوام کو راحت ہو۔

واضح رہے کہ کشمیر میں نامساعد حالات کے دوران یہاں نالہ سکھ ناگ پر لکڑی کا پل تھا جو نزر آتش ہوگیا تھا۔ جس کے بعد بھارتی فوج نے اس کی جگہ یہ بیلی برج تعمیر کیا جو اب تک کام کر رہا تھا مگر اب یہ عوام اور مال دونوں کے لیے ایک خطرہ بن چکا ہے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details