جموں:جموں کے ادھمپور ضلع میں چھپے ہوئے عسکریت پسندوں کو ڈھونڈ نکالنے کے لیے سیکورٹی فورسز کا آپریشن منگل کو دوسرے روز بھی جاری رہا۔ یہ آپریشن پیر کو اس وقت شروع ہوا جب ادھمپور کے چِل، ڈڈو علاقے میں عسکریت پسندوں اور جموں کشمیر پولیس اور سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی مشترکہ ٹیموں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس جھڑپ میں سی آر پی ایف کے ایک انسپکٹر کی گولی لگنے سے موت واقع ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق، حملے میں تین سے چار عسکریت پسند ملوث ہیں اور وہ محاصرے میں پھنسے ہوئے ہیں۔ فورسز نے ہیلی کاپٹر اور ڈرون کی نگرانی کے ذریعے ادھمپور کے جنگلات میں بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی ہے۔ محاصرے میں پیرا کمانڈوز کی بھی خدمات طلب کی گئی ہے۔ تاکہ سی آر پی ایف انسپکٹر کو مار کر فرار ہونے والے عسکریت پسندوں کو تلاش کیا جا سکے۔ یاد رہے کہ سی آر پی ایف کی 187 بٹالین سے تعلق رکھنے والے انسپکٹر کلدیپ کمار پیر کے روز عسکریت پسندوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے تھے، ان کی ہلاکت کے بعد علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔