نیویارک: متنازع مصنف سلمان رشدی نے صدارتی انتخاب کے لیے امریکی نائب صدر کملا ہیرس کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک 'سیاہ فام اور ہندوستانی' خاتون کو وائٹ ہاؤس کے لیے انتخاب لڑتے ہوئے دیکھ کر بہت اچھا لگا۔ بُکر انعام یافتہ مصنف نے ہیرس کے حریف سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک کھوکھلا آدمی قرار دیا۔
رشدی 'ساؤتھ ایشین مین فار ہیرس' کے عنوان سے ایک ورچوئل تقریب سے خطاب کر رہے تھے، جس میں ہندوستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے کئی اہم ناموں نے شرکت کی۔ انہوں نے پروگرام میں کہا کہ یہ ایک اہم لمحہ ہے۔ میں بمبئی کا ایک لڑکا ہوں اور ایک ہندوستانی خاتون کو وائٹ ہاؤس کے لیے الیکشن لڑتے ہوئے دیکھ کر بہت اچھا لگا۔ میری بیوی افریقی امریکن ہے، اس لیے ہمیں یہ حقیقت پسند ہے کہ ایک سیاہ فام اور ہندوستانی خاتون وائٹ ہاؤس کے لیے انتخاب لڑ رہی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہیرس کی صدارتی دوڑ میں شامل ہونے سے گزشتہ ہفتے امریکی سیاست میں تبدیلی آئی ہے۔ انہوں نے کہا امریکی سیاست میں کچھ بہت ہی غیر معمولی تبدیلی رونما ہوئی ہیں۔ رشدی نے کہا صرف ایک ہفتے میں کملا ہیرس کی امیدواری کے ساتھ بات چیت بالکل بدل گئی ہے۔ یہ بڑی خوشی کے ساتھ ہوا ہے۔
پہلے ہندوستانی نژاد امریکی نائب صدر کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے، ہندوستانی نژاد برطانوی مصنف نے مزید کہا کہ وہ 1000 فیصد ان کے ساتھ ہیں۔ ہمیں اسے نافذ کرنا ہوگا، کیونکہ ہم متبادل کی اجازت نہیں دے سکتے۔ یہ کھوکھلا آدمی جو ایک بھی بڑی خوبی سے عاری ہے، اس ملک کو مطلق العنانیت کی طرف کھینچنے کی کوشش کر رہا ہے۔