اقوام متحدہ: اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے 35 ڈونر ممالک کے ساتھ ایک رازدارانہ ملاقات کی اور فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ایجنسی انروا کے لیے فنڈز کی بحالی کی اپیل کی۔
اقوام متحدہ کے سربراہ نے منگل کے روز یورپی یونین سمیت سفیروں کو انروا کے کچھ کارکنوں پر 7 اکتوبر کو اسرائیل پر ہوئے حملے میں حصہ لینے کے الزامات کے بعد کارکنوں کے خلاف کی گئی کارروائیوں سے آگاہ کیا۔
اقوام متحدہ میں فلسطینی سفیر ریاض منصور نے اجلاس کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ سیکرٹری جنرل نے کئی ممالک سے اپیل کی ہے، جنہوں نے الزامات کے بعد یو این آر ڈبلیو اے کو دی جانے والی فنڈنگ روک دی تھی اور اس پر دوبارہ غور کرنے کی اپیل کی تھی اور دوسرے ممالک پر زور دیا تھا۔
منصور نے کہا کہ 7 اکتوبر سے غزہ میں اسرائیلی جارحیت میں انروا کے 153 کارکن ہلاک ہو چکے ہیں۔ دوسری جنگ عظیم کے بعد سے ایک آپریشن میں ہلاک ہونے والے اقوام متحدہ کے اہلکاروں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔ انھوں نے ڈونرز پر زور دیا کہ وہ ایسے اقدامات نہ اٹھائیں جو لاکھوں فلسطینی پناہ گزینوں کے خلاف اجتماعی سزا بن جائے۔ انہوں نے امداد معطل نہیں کرنے پر ناروے، اسپین اور دیگر کی تعریف کی۔
اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ غزہ اور مشرق وسطیٰ میں انروا کے علاوہ کسی اور تنظیم کے پاس بنیادی ڈھانچہ نہیں ہے کہ وہ غزہ میں کیسے کام کرے۔ انھوں نے کہا کہ، یہ کسی بھی طرح ممکن نہیں ہے کہ اقوام متحدہ کی ایجنسی کو فوری طور پر تبدیل کیا جا سکے۔