کوالالمپور: ملائیشیائی بحریہ کے 2 ہیلی کاپٹر اس وقت آپس میں ٹکرا کر حادثے کا شکار ہوگئے جب وہ مشق کر رہے تھے، اس حادثے میں سوار تمام 10 افراد ہلاک ہوگئے۔ بحریہ نے ایک مختصر بیان میں کہا کہ ہیلی کاپٹر اگلے ماہ بحریہ کی 90 ویں سالگرہ کی تقریب کے لیے شمالی پیراک ریاست میں ایک بحریہ کے اڈے پر مشق کر رہے تھے جب یہ حادثہ پیش آیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ تمام متاثرین کی جائے وقوعہ پر ہی موت کی تصدیق ہو گئی اور ان کے باقیات کو شناخت کے لیے ہسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ بحریہ نے یہ بھی بتایا کہ AW139 میری ٹائم آپریشن ہیلی کاپٹر پر عملے کے سات ارکان سوار تھے۔ یہ طیارہ آگسٹا ویسٹ لینڈ نے تیار کیا ہے، جو اطالوی دفاعی ٹھیکیدار لیونارڈو کا ذیلی ادارہ ہے۔