اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے وفاق اور پنجاب میں مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم)کیساتھ حکومت بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئےکہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا میسج ہے کہ جو انتخابات جیتا ہے اسے حکومت بنانے دی جائے، کے پی کے میں علی امین گنڈاپور حکومت بنائیں گے۔ رؤف حسن نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ انٹرا پارٹی انتخابات جتنی جلدی ہو کروا دیے جائیں ،کے پی میں ہم حکومت کی تشکیل کی طرف جا رہے ہیں، وفاق اور پنچاب میں ایم ڈبلیو ایم کے ساتھ اتحاد کریں گے۔رؤف حسن کے مطابق جماعت اسلامی کے ساتھ خیبرپختونخوا میں حکومت بنائی جائے گی۔
دوسری جانب تحریک انصاف کا حکومت سازی کے لیے جماعت اسلامی سے رابطہ ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنما بیرسٹرگوہر،سینٹراعظم خان سواتی اور علی امین گنڈاپور نے لیاقت بلوچ سےرابطہ کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں حکومت سازی کےحوالے بات چیت ہوئی، پی ٹی آئی کو مثبت جواب دیا ہے، اب یہ پی ٹی آئی قیادت کا کام ہے کہ وہ کس طرف جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سازی سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، پی ٹی آئی کے ساتھ تین روز سے رابطے جاری ہیں۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی 265 میں سے 264 نشستوں کے نتائج کے مطابق 101 نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے جن میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں کی تعداد 92، مسلم لیگ ن 79 اور پیپلز پارٹی 54 نشستوں پر کامیاب قرار پائی ہے۔