تل ابیب: عالمی عدالت و انصاف سے اسرائیلی وزیر اعظم، اسرائیلی وزیر دفاع اور آرمی چیف کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے امکانات ہیں۔ اسرائیلی اخبار کے مطابق آئی سی سی سے وارنٹ گرفتاری کی اطلاعات پر وزیر اعظم نیتن یاہو خوف زدہ اور غیر معمولی دباؤ کا شکار ہو گئے ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کا مزید کہنا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے وارنٹ گرفتاری رکوانے کی کوششیں جاری ہیں۔ دی ٹائمز آف اسرائیل نے لکھا کہ تجزیہ کار بین کیسپیٹ نے ولّا نیوز پر رپورٹ کیا کہ نیتن یاہو غیر معمولی تناؤ میں تھے کہ ان کے اور دیگر اسرائیلیوں کے خلاف دی ہیگ میں اقوام متحدہ کے ٹریبونل کی جانب سے گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے جائیں گے، بین کیسپیٹ کے مطابق یہ عدالتی فیصلہ اسرائیل کی بین الاقوامی حیثیت برباد کر دے گا۔
کیسپیٹ نے رپورٹ کیا کہ نیتن یاہو گرفتاری کے وارنٹ کو رکوانے کے لیے ٹیلی فون پر نان اسٹاپ لگے ہوئے ہیں، ان کی خاص توجہ امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ پر مرکوز تھی۔