نئی دہلی/غازی آباد: ہر سال مئی کے دوسرے اتوار کو پوری دنیا میں 'ماں کا دن' (مدرز ڈے) منایا جاتا ہے۔ مدرز ڈے کے موقع پر غازی آباد کی ڈاسنا جیل میں انتہائی جذباتی منظر دیکھنے کو ملا۔ درجنوں ماؤں کے بچوں کی آنکھوں میں آنسو اور ان کی مادرانہ شفقت نے اپنے دل کے ٹکڑوں کو ایک طویل عرصے کے بعد اپنے قریب پایا۔ ڈاسنا میں واقع ڈسٹرکٹ جیل میں مدرز ڈے کے موقع پر جیل انتظامیہ نے خواتین قیدیوں کو اپنے بچوں سے ملنے کا موقع دیا۔
عام طور پر، قیدیوں سے ملاقات جالی کے پیچھے ہوتی ہے. جہاں ملاقات خانے میں قیدی اور باہر سے آئے فرد کے درمیان ایک جالی حائل ہوتی ہے۔ لیکن مدرز ڈے پر آج کچھ اسپیشل تھا۔ جہاں پر بچوں کو انکی ماؤں سے براہ راست ملاقات کا موقع ملا۔ جیسے ہی بچے جیل کے دروازے سے داخل ہوئے تو سامنے اپنی ماں کو دیکھ کر بہت خوش ہوگئے۔ اس دوران ایک معصوم بچہ جذباتی ہو گیا اور اپنی ماں سے گلے لگ گیا۔
اس وقت کئی ماؤں کو بہت جذباتی ہوتے دیکھا گیا۔ بچوں نے اپنی ماؤں کے لیے ہاتھوں میں گلاب اور چاکلیٹ لی ہوئی تھیں۔ ایسا منظر ڈاسنا جیل میں پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔ جہاں ماں بچوں کے آنسو پونچھ رہی تھی اور بچے اپنی ماں کے آنسو پونچھ رہے تھے۔ سب بچوں کا اپنی ماں سے ایک ہی سوال تھا کہ ماں، تم کب باہر آؤ گی؟