سرینگر (پرویز الدین): وادی کشمیر کے سبھی کالج سنیچر کو سرمائی تعطیلات کے بعد دوبارہ تدریسی سرگرمیوں کے لیے کھل گئے۔ ایسے میں کالجوں میں 50 روزہ سرمائی تعطیلات ختم ہونے کے بعد رونق دوبار لوٹ آئی ہے۔ آج صبح طلباء کو کالجوں کا رخ کرتے ہوئے پر رونق مناظر دیکھنے کو ملے۔ وہیں مختف کالجوں کے پرنسپل صاحبان اور اساتذہ طلباء کو والہانہ استقبال کرتے ہوئے دیکھے گئے اور طلبا بھی اپنے ہم جماعتیوں سے بگل گیر ہوتے ہوئے دیکھے گئے۔
سرینگر کے زنانہ کالج میں سرمائی تعطیلات ختم ہونے کے بعد کالج عملہ نے طالبات کا والہانہ استقبال کیا۔ تقریباً دو ماہ تک بند رہنے کے بعد و طالبات کے کالجوں کا رخ کرنے سے ویمنز کالج میں خوشگوار ماحول دیکھنے کو ملا۔ جہاں کالج پرنسپل کے ساتھ ساتھ اساتذہ نے بھی طلبا کا گرم جوشی سے استقبال کیا، وہیں طالبات کا اپنے ہم جماعت ساتھیوں کے ساتھ بغل گیر ہونے کے مناظر بھی دیکھنے کو ملے۔
طالبات کے ساتھ ساتھ کالج کے اساتذہ بھی کافی خوش نظر آئے۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ بچوں کو کلاسز میں روبرو پڑھائی کرتے ہوئے دیکھتے ہوئے اچھا لگ رہا ہے۔ طالبات کا کہنا ہے کہ ’’اس سال موسم خوشگوار رہا اور ہم اس انتظار میں تھے کہ کب کالج کھلیں گے اور ہمیں پھر سے اپنے دوستوں اور اساتذہ سے ملنے کا موقع ملے گا۔ کالجوں میں درس وتدریس کی سرگرمیاں شروع کرنے سے قبل ہی کالج میں تمام تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی تھی تاکہ طالبات بغیر کسی خلل یا پریشانی کے اپنے اپنے کلاسز میں دوبارہ پڑھائی شروع کر سکیں۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے دسمبر 2024 کے آخری ہفتے میں کشمیر اور ڈویژن کے سرمائی زون کے ڈگری کالجوں کے لیے موسم سرما کی چھٹی کا اعلان کیا گیا تھا۔ ایسے میں کشمیر اور جموں ڈویژن کے سرمائی زون کے ڈگری کالج 27 دسمبر 2024 سے 14 فروری 2025 تک موسم سرمائی تعطیلات کے 50 روز تک بند رہے۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر میں مارچ سیشن کے تحت آخری مرتبہ بورڈ امتحانات لیے جارہے ہیں
ادھر سنیچر سے جموں وکشمیر میں امسال مارچ سیشن کے تحت آخری مرتبہ گیارہویں، دسویں اور بارہویں کے سالانہ بورڈ امتحانات شروع ہوگئے۔ ان امتحانات میں کُل ملاکر 369639 امیدوار شرکت کر رہے ہیں اور ان کے لیے 3682 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
کشمیر اور جموں ڈویژن کے سرمائی علاقوں میں اسکول یکم مارچ کو دوبارہ کھلیں گے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن نے گزشتہ برس تعطیلات مرحلہ وار طے کی گئی تھیں۔ پانچویں جماعت تک کے طلباء کے لیے 10دسمبر سے 28 فروری 2025 تک اور چھٹی تا بارہویں جماعت کے طلباء کے لیے دسمبر 16 سے فروری 2025 تک سرمائی تعطیلات طے تھیں۔