اقوام متحدہ: اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ بدھ کی رات تک غزہ کے جنوبی شہر رفح میں اسرائیلی گولہ باری اور فضائی حملوں سے تقریباً 80,000 فلسطینی نقل مکانی کر چکے ہیں۔ نقل مکانی میں ہر گھنٹہ اضافہ ہو رہا ہے۔ غزہ کی نصف آبادی یعنی تقریباً 1.3 ملین فلسطینیوں نے جنگ سے بچنے کے لیے رفح میں پناہ لی تھی۔
اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں کوئی محفوظ جگہ نہیں ہے۔ جمعرات کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ خوفزدہ شہری شمال کی طرف خان یونس اور دیر البلاح جیسے شہروں کی طرف جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق ان شہروں میں خوراک، رہائش اور طبی مراکز کی زبردست کمی ہے۔
اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام نے رپورٹ کیا ہے کہ رفح میں موجود غزہ کے لیے اس کا مرکزی فوڈ گودام، اب ناقابل رسائی ہے، حق نے کہا، شہر میں صرف ایک بیکری اب بھی کام کر رہی ہے، یہاں "خوراک اور ایندھن کی سپلائی ختم ہو رہی ہے۔"
حق نے کہا کہ فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ایجنسی، جسے انروا کے نام سے جانا جاتا ہے، نے رپورٹ کیا کہ جمعرات کو اس کی سہولیات میں تقریباً ایندھن ختم ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایندھن نہیں آتا تو کچھ اسپتال تین دنوں میں اپنے جنریٹر بند کر سکتے ہیں۔
اقوام متحدہ کے ترجمان نے کہا کہ اسرائیلی فورسز کی جانب سے رواں ہفتے سرحدی گزرگاہ کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد رفح سے حالیہ دنوں میں کوئی امداد یا ایندھن غزہ میں داخل نہیں ہوا ہے۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس نے کریم شالوم کراسنگ کو دوبارہ کھول دیا ہے۔ حق کے مطابق اس کراسنگ سے کچھ امداد غزہ میں داخل ہو رہی ہے۔