نیو یارک: امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایک بھارتی نژاد جوڑا اور ان کے چار سالہ جڑواں بچے اپنے گھر میں مردہ پائے گئے ہیں، پولیس اس معاملے کی جانچ قتل اور خودکشی کے نقطہ نظر سے کر رہی ہے۔ حالیہ دنوں میں امریکہ میں بھارتی کمیونٹی کے لوگوں کو نشانہ بناتے ہوئے کئی حملے ہوئے ہیں جس میں یہ تازہ ترین واقعہ ہے۔
امریکی ٹیلی ویژن نیٹ ورک این بی سی بے ایریا کی خبر کے مطابق، متاثرین کی شناخت دوستوں نے آنند سجیت ہنری، ان کی اہلیہ ایلس پرینکا اور ان کے 4 سالہ جڑواں بیٹوں کے طور پر کی ہے۔ یہ خاندان اصل میں کیرالہ کا رہنے والا تھا۔ تاہم، پولیس نے بتایا کہ متاثرین کی شناخت ابھی تک جاری نہیں کی گئی ہے۔ این بی سی رپورٹ میں پولیس کے حوالے سے بتایا گیا کہ یہ واقعہ پیر کو سان میٹیو میں پیش آیا۔