اردو

urdu

ETV Bharat / international

غزہ جنگ: مغربی ممالک کا یو این آر ڈبلیو اے کی فنڈنگ روکنے کا اعلان، فلسطینیوں کی مذمت - فنڈنگ روکنے پر فلسطینیوں کی مذمت

Western Nations Halt UNRWA Funding: اسرائیل کی وزارت خارجہ نے کئی مغربی ممالک کی جانب سے یو این آر ڈبلیو اے کی فنڈنگ روکنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔ اس سے قبل عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے بعد اسرائیل نے یو این کی ریلیف ایجنسی کے کچھ ملازمین پر حماس کے سات اکتوبر کے حملوں میں ملوث ہونے کا الزام لگایا تھا۔

Etv Bharat
Etv Bharat

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Jan 28, 2024, 11:21 AM IST

Updated : Jan 28, 2024, 11:29 AM IST

تل ابیب:امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا، اٹلی، اور فن لینڈ سمیت تقریباً 10 مغربی ممالک نے اقوام متحدہ کی ریلیف ایجنسی یو این آر ڈبلیو اے کو اپنی فنڈنگ معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ العربیہ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے جمعہ کو ایک بیان میں کہا تھا کہ ’’امریکا کو ان اسرائیل کے الزامات پر گہری تشویش ہے کہ سات اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کی جانب سے کیے گئے دہشت گردانہ حملے میں یواین آر ڈبلیو اے کے 12 ملازمین ملوث ہو سکتے ہیں‘‘۔ اسرائیلی حکومت کے الزام کے بعد کم از کم 10 مغربی ممالک نے ایجنسی کے فنڈز کو روکنے کا اعلان کیا ہے۔

ملر کے مطابق جمعرات کو امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس کے ساتھ بات کی جس کا مقصد "اس مسئلے کی تیزی سے اور گہرائی سے تحقیقات کرنے کی ضرورت پر زور دینا" ہے۔ ملر نے کہا کہ "امریکا نے ان الزامات کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے اسرائیل سے رابطہ کیا ہے"۔ جب کہ امریکی محکمہ خارجہ نے فلسطینیوں کی مدد میں یو این آر ڈبلیو اے کے "اہم کردار" کا حوالہ دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے ادارے کی "ان الزامات کا جواب دینے اور کوئی مناسب اقدام کرنے" کی اہمیت پر زور دیا۔

  • فنڈنگ روکنے پر فلسطینیوں کی مذمت

اعلیٰ فلسطینی حکام اور حماس نے تقریباً ایک درجن مغربی ممالک کی طرف سے فلسطینیوں کے لیے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے کی فنڈنگ معطل کرنے کے فیصلے پر شدید تنقید کی اور اس اقدام کو تعجب خیز قرار دیتے ہوئے اسے فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ قبل ازیں، فلسطین لبریشن آرگنائزیشن (پی ایل او) کے سیکرٹری جنرل حسین الشیخ نے اس معاملے پر اپنے رد عمل میں کہا کہ مغربی ممالک کے فیصلے سے "بڑے انسانی خطرات لاحق ہیں"۔

مزید پڑھیں: خان یونس شہر میں اسرائیلی فوج کی چھاپہ ماری، متعدد جنگجو جاں بحق

اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین (یو این آر ڈبلیو اے) نے پہلے کہا تھا کہ اس نے اسرائیل کے الزام کے بعد تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔ صہیونی حکومت نے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے بعد یو این ایجنسی پر الزام عائد کیا ہے کہ ایجنسی کے کچھ ملازمین 7 اکتوبر کو ہونے والے حملوں میں ملوث تھے۔

  • یو این آر ڈبلیو اے نے فیصلے "حیران کن" قرار دیا

یو این آر ڈبلیو اے کے کمشنر جنرل فلپ لازارینی نے ہفتے کے روز دیر گئے ایک بیان میں کہا کہ فنڈز کی معطلی سے خطے میں انسانی ہمدردی کے کاموں کو شدید خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے فنڈز روکنے والے ممالک پر زور دیا کہ وہ "اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کریں۔" کیونکہ غزہ کو بڑے پیمانے پر غذائی قلت کا سامنا ہے۔ جمعہ کو ’اونروا‘ نے اپنے کئی ملازمین کے کنٹریکٹ ختم کرنے کا اعلان کیا، جن پر اسرائیلی حکام نے حماس کے حملے میں ملوث ہونے کا الزام لگایا تھا۔

  • اسرائیل کا خیر مقدم

اسرائیل کی وزارت خارجہ نے امریکہ اور کینیڈا کی جانب سے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یواین آر ڈبلیو اے) کی فنڈنگ روکنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ اس پس منظر میں اسرائیل نے ریلیف ایجنسی کے کچھ ملازمین پر حماس کے سات اکتوبر کو کیے گئے حملے میں ملوث ہونے کا الزام لگایا ہے۔

یو این آئی مع مشمولات
یہ بھی پڑھیں: غزہ جنگ: بائیڈن حماس اور اسرائیل کے بیچ ثالثی کے لیے سی آئی اے کے ڈائریکٹر کو بھیجیں گے

Last Updated : Jan 28, 2024, 11:29 AM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details