نئی دہلی:متعدد سفارتی ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش میں حکومت مخالف مظاہروں کے بیچ استعفیٰ دینے والی وزیر اعظم شیخ حسینہ ہندوستان کے راستے لندن جا رہی ہیں۔
سفارتی ذرائع نے بتایا کہ بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ لندن جاتے ہوئے غازی آباد کے قریب ہندن ایئربیس پر اتری۔ انہوں نے بتایا کہ حسینہ بنگلہ دیشی فضائیہ کے ایک C-130J ملٹری ٹرانسپورٹ طیارے میں ہندوستان پہنچی۔ فوری طور پر یہ واضح نہیں ہے کہ ملٹری ٹرانسپورٹ طیارہ اسے ہندوستان سے آگے لے جائے گا یا وہ کسی دوسرے طیارے میں لندن جائے گی۔ حسینہ کی دہلی میں مقیم اپنی بیٹی صائمہ سے ملاقات کا امکان ہے۔ صائمہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے جنوب مشرقی ایشیا کے لیے علاقائی ڈائریکٹر کے طور پر کام کر رہی ہیں۔ ہنڈن میں حسینہ کے اسٹاپ اوور کے بارے میں ابھی تک کوئی سرکاری بیان یا تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
مذکورہ ذرائع نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ہندوستان نے ڈھاکہ کی درخواست کے بعد حسینہ کے طیارے کو ہندوستانی فضائی حدود سے محفوظ راستہ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
حکومت ہند کے ذرائع نے بتایا کہ نئی دہلی ڈھاکہ میں جاری تیز پیش رفت پر قریب سے نظر رکھے ہوئے ہے۔ حالانکہ بنگلہ دیش میں ہونے والی پیش رفت پر بھارت کی جانب سے ابھی تک کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔