ڈھاکہ: بنگلہ دیش ڈیلی اسٹار اخبار کے مطابق ہزاروں مظاہرین گیٹ توڑ کر وزیراعظم شیخ حسینہ کی سرکاری رہائش گاہ میں داخل ہو چکے ہیں۔ وزیر اعظم شیخ حسینہ نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے اور وہ ملک چھوڑ کر محفوظ مقام کے لیے ہیلی کاپٹر سے سفر کر رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ہندوستانی سیکورٹی ایجنسیاں بنگلہ دیش کے ساتھ ہندوستانی سرحد سے 10 کلومیٹر کے فاصلے سے کال سائن AJAX1431 والے C-130 طیارے کی نگرانی کر رہی ہیں اور یہ دہلی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ شیخ حسینہ اور ان کے وفد کے کچھ ارکان اس طیارے میں ہیں۔
بنگلہ دیش میں تازہ تشدد کم از کم 300 افراد ہلاک ہوئے ہیں، ملک کے روزناموں کی متعدد رپورٹوں کے مطابق ملک کے آرمی چیف وقار الزمان بھی جلد قوم سے خطاب کرنے والے ہیں۔ بنگلہ دیش کی سڑکوں پر اتوار کو شدید جھڑپیں ہوئیں، جس میں ہلاکتوں کی تعداد کم از کم 300 تک پہنچ گئی۔ تاہم اس حوالے سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔