برطانیہ: برطانوی پولیس نے ایک مانچسٹر ایئرپورٹ پر ایک نوجوان کو دبوچ لیا اور اسے زمین پر لٹا دیا، اس کے ہاتھ پیچھے سے باندھ دیئے اور لاتوں سے مارنا شروع کر دیا۔ یہ ایک وائرل ویڈیو کی منظر کشی ہے۔ اس ویڈیو میں نظر آرہا نوجوان ایک پاکستانی ہے۔ پولیس کے تشدد کا یہ ویڈیو جب وائرل ہوا تو برطانیہ کی پاکستانی کمیونٹی نے احتجاج شروع کر دیا، جس کے بعد محکمہ پولیس حرکت میں آئی اور پولیس اہلکار کے خلاف کارروائی کی۔
کیا ہے پورا واقعہ:
پولیس کے مطابق مانچسٹر ائیرپورٹ پر مسافروں کی جانب سے جھگڑے کی اطلاع پر منگل کو ٹھیک 8 بج کر 25 منٹ پر مسلح افسران کو ایئر پورٹ پر طلب کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ایئرپورٹ پر ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کرنے کے دوران پولیس اور مسافروں میں ٹکراؤ ہوا۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ اس تشدد میں تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں جو اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق پولیس نے ایک نوجوان کے قریب آکر کہا کہ وہ ایک مطلوبہ شخص ہے۔ اس کے بعد پولیس نے اسے گرفتار کرنے کی کوشش کی جس کے بعد یہ سب ہنگامہ ہوا۔ پولیس نے نوجوان کو پیٹ کے بل لٹا دیا اور اس کی لاتوں سے پٹائی شروع کر دی۔ اس ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی برطانوی پولیس نے ویڈیو میں نظر آرہے ایک پولیس اہلکار کو معطل کر دیا۔