لندن: ایک مختصر مگر منفرد تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ دار چینی کو یومیہ انتہائی کم مقدار میں استعمال کرنا بھی بلڈ شوگر کو قابو کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ ماضی میں کی جانے والی متعدد تحقیقات میں بھی دار چینی کے یومیہ استعمال کو شوگر، ہائی بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کو کم کرنے میں مددگار ثابت دیا جا چکا ہے۔ اب نئی تحقیق میں ماہرین نے اس کے استعمال کا بلڈ شوگر پر اثر دیکھنے کے لیے محدود رضاکاروں پر تحقیق کی۔
طبی جریدے کلینیکل نیوٹریشن کے مطابق ماہرین نے دار چینی کے بلڈ شوگر پر پڑنے والے اثرات کے لیے 18 رضاکاروں کی خدمات حاصل کیں، جنہیں دو مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا۔ دونوں گروپوں کے رضاکاروں کو دار چینی کے بغیر غذائیں کھانے کا کہا گیا جب کہ ایک گروپ کے رضاکاروں کو غذا کے ساتھ دار چینی پر مشتمل کیپسولز جب کہ دوسرے گروپ کو مصنوعی ادویات کے کیپسولز دیے گئے اور پھر ماہرین نے چار ہفتوں بعد تمام رضاکاروں کے بلڈ شوگر کا ٹیسٹ کیا۔