حیدرآباد: کنگنا رناوت کی مشکلات ختم ہونے کے آثار نظر نہیں آرہے ہیں۔ کنگنا رناوت کو ان کی آنے والی سیاسی ڈرامہ فلم 'ایمرجنسی' کے حوالے سے نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔ شرومنی گرودوارہ مینجمنٹ کمیٹی (SGPC) نے فلم کے پروڈیوسر کو قانونی نوٹس بھیجا ہے۔ ایس جی پی سی نے فلم ایمرجنسی کے ٹریلر کو ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ فلم ایمرجنسی کا ٹریلر 14 اگست کو ریلیز ہوا تھا۔
ایس جی پی سی کے سکریٹری پرتاپ سنگھ نے فلم پر اعتراض کیا ہے اور اس فلم پر پابندی لگانے کے لیے اطلاعات و نشریات کے وزیر کے ساتھ ساتھ سنسر بورڈ کو کئی شکایتی خط بھیجے ہیں۔ سکریٹری نے کنگنا رناوت پر سکھوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ فلم ایمرجنسی کا ٹریلر سکھ مخالف مناظر سے بھرا ہوا ہے، جو ان کی شبیہ کو داغدار کر رہے ہیں۔
گزشتہ ہفتے سی ڈی پی سی اور اکال تخت نے فلم ایمرجنسی پر فوری اثر سے پابندی لگانے کا مطالبہ کیا تھا۔ سی ڈی پی سی اور اکال تخت نے بھی اس ٹریلر پر اعتراض کیا تھا جس میں سکھوں کو قاتل دکھایا گیا تھا۔ ایس جی پی سی کے صدر ہرجیندر سنگھ دھامی نے پریس کانفرنس کر کے کنگنا رناوت کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ کئی فلموں سے سکھ برادری کے جذبات مجروح ہوئے ہیں، جب کہ انہوں نے ایمرجنسی پر پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے سنسر بورڈ پر حملہ کرتے ہوئے اسے جانبدار قرار دیا اور سکھ برادری کے لوگوں کو بورڈ میں شامل کرنے کی بات کی۔