ممبئی:معروف بالی ووڈ فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی آج 61 برس کے ہوگئے۔24 فروری 1963 کو ممبئی میں پیدا ہونے والے سنجے لیلا بھنسالی نے اپنے کیریئر کا آغاز ودو ونود چوپڑا کے اسسٹنٹ کے طور پر کیا۔بھنسالی نے ودو ونود چوپڑا کی فلموں پرندا، 1942 اے لو اسٹوری اور قریب میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر کام کیا۔
بطور آزاد ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی نے اپنے کیرئر کا آغاز 1996 میں ریلیز ہونے والی فلم خاموشی سے کیا۔ اس فلم میں نانا پاٹیکر، سلمان خان اور منیشا کوئرالہ نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔اگرچہ یہ فلم ٹکٹ کھڑکی پر کچھ خاص نہیں کر سکی، لیکن سنجے لیلا بھنسالی نے اپنی بہترین ڈائریکشن سے شائقین کے ساتھ ساتھ ناقدین کا بھی دل جیت لیا۔
سال 1999 میں ریلیز ہونے والی فلم "ہم دل دے چکے صنم "سنجے لیلا بھنسالی کے کیریئر کی پہلی سپر ہٹ ثابت ہوئی۔ اس فلم میں بھی سنجے لیلا بھنسالی نے سلمان خان کا انتخاب کیا۔ فلم میں سلمان خان کے علاوہ ایشوریہ رائے اور اجے دیوگن نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔ سلمان خان اور ایشوریہ رائے کی جوڑی کو شائقین نے بے حد پسند کیا۔ سنجے لیلا بھنسالی کو اس فلم کے لیے بہترین پروڈیوسر-ڈائریکٹر کے فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔
سن 2002 میں سنجے لیلا بھنسالی نے شرت چندر کے ناول پر مبنی فلم "دیوداس" کی ہدایت کاری کی, جس میں شاہ رخ خان نے دیوداس کا کردار ادا کیا۔ دیوداس میں شاہ رخ خان کے علاوہ ایشوریہ رائے اور مادھوری دکشت کے بھی اہم کردار تھے۔ اس فلم کے لیے انہیں بہترین ہدایت کار کا فلم فیئر ایوارڈ بھی دیا گیا۔