ممبئی: نصیر الدین شاہ ہمیشہ سے ہی اپنی باتوں کو نہایت ہی بے باقی سے کہنے کے لیے جانے جاتے ہیں۔ وہ ہمیشہ کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہیں، خواہ وہ تلخ ہی کیوں نہ ہو۔ اس کے ساتھ وہ ان مسائل پر بھی کھل کر بات کرتے ہیں جن پر مشہور شخصیات بات کرنے سے گریز کرتی ہیں۔ انہوں نے اکثر سنیما میں سیاست ہونے کی بھی بات کی۔ اب حال ہی میں انہوں نے مذہب پر فلم بنانے کی خواہش ظاہر کی ہے۔
نصیر الدین شاہ نے حال ہی میں کانز فلم فیسٹیول میں اپنی فلم منتھن کی نمائش میں شرکت کی۔ جہاں ان سے پوچھا گیا کہ اگر انہیں کسی بھی موجودہ موضوع پر فلم بنانا ہے تو وہ کس کا انتخاب کریں گے؟ اس پر انہوں نے کہا کہ مذہب۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے خیال میں اس مذہب پر ایک جرات مندانہ فلم بننی چاہیے جو ہم سب کے ذہنوں میں ہے۔ اسے انسانیت کے لیے سب سے زیادہ نقصان دہ چیزوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے، شاہ نے اپنی پاکستانی فلم 'خدا کے لیے' کی طرف اشارہ دیا، جس کے بارے میں ان کے بقول یہ فلم اتنی ہی اہم تھی جتنا کہ منتھن تھی۔