حیدرآباد (انٹرٹینمنٹ ڈیسک) : معروف بالی ووڈ اداکار عالیہ بھٹ اور شرواری واگ اپنی آنے والی جاسوسی فلم ’’الفا‘‘ کی شوٹنگ کے آخری مراحل کے لیے ایک بار پھر کشمیر کے دورے پر ہیں۔ یہ فلم، جسے بڑے پیمانے پر "YRF Spy Universe" کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے، اس وقت کشمیر کی خوبصورت وادیوں خاص کر سونہ مرگ اور پہلگام میں شوٹ کی جا رہی ہے۔ فلم کی ریلیز کی تاریخ 25 دسمبر کرسمس کے موقع پر مقرر کی گئی ہے۔
سرینگر کے لائن پروڈیوسر خواجہ جمشید کے مطابق فلم کی ٹیم 15 اکتوبر کو کشمیر پہنچی اور یہاں کے مناظر میں ایکشن سے بھرپور مناظر فلمائے جا رہے ہیں۔ سونہ مرگ میں اہم مناظر عکس بند کرنے کے بعد اب ٹیم پہلگام میں شوٹنگ انجام دے رہی ہے۔ جمشید کا مزید کہنا ہے کہ فلم کی ٹیم کشمیر کے قدرتی مناظر سے بہت متاثر ہوئی ہے، جو فلم کی شوٹنگ کے لیے ایک بہترین پس منظر فراہم کر رہے ہیں۔
فلم کی ٹیم کو اتوار 20 اکتوبر کو شوٹنگ مکمل کر کے ممبئی واپس روانہ ہونا تھا، لیکن اگر شوٹنگ مکمل نہ ہوئی تو یہ ٹیم پیر 21 اکتوبر تک کشمیر میں قیام کرے گی۔ اس فلم میں کشمیر کے مناظر کو خاص طور پر اہمیت دی جا رہی ہے اور فلم کے عملے نے یہاں کے حسین قدرتی مناظر کی خوب تعریف بھی کی ہے۔
’’الفا‘‘ کی ہدایت کاری شیوراویل کر رہے ہیں اور اسے آدتیہ چوپڑا نے پروڈیوس کیا ہے۔ فلم میں عالیہ بھٹ اور شرواری واگ کو مرکزی کرداروں میں دکھایا گیا ہے، جو بین الاقوامی جاسوسی کی ایک کہانی میں ملوث ہیں۔ فلم کے وِلن کے کردار میں بوبی دیول ہیں، جو پیچیدہ محرکات رکھنے والے دشمن کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انیل کپور، بھارت کی خفیہ ایجنسی R&AW کے سربراہ کے طور پر نظر آئیں گے۔
عالیہ بھٹ نے اپنے انسٹاگرام پر کشمیر کی حسین وادیوں میں شوٹنگ کے دوران کی تصاویر بھی شیئر کی ہیں، جن میں وہ پرسکون اور سادہ انداز میں دکھائی دے رہی ہیں۔ مقامی ہوٹل میں ان کے قیام کے دوران، ہوٹل کے عملے نے انہیں روایتی کشمیری سماوار تحفے میں دیا، جس سے کشمیر کی گرمجوش مہمان نوازی کی عکاسی ہوتی ہے۔
یہ فلم کشمیر کی حسین وادیوں میں عکس بندی کے ساتھ ساتھ مقامی ثقافت کو بھی اجاگر کرتی ہے۔ عالیہ بھٹ نے سادگی اور فطری انداز میں اپنے کردار کو نبھایا ہے، اور ان کی موجودگی نے یہاں کے ماحول کو مزید دلکش بنایا۔ ’’الفا‘‘ میں مقامی ٹیلنٹ کو بھی موقع دیا گیا ہے اور فلم میں کشمیر کی ثقافتی اور فطری حسن کو بڑے پردے پر پیش کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:معروف ہدایت کار کرن جوہر گلمرگ میں