اردو

urdu

ETV Bharat / bharat

مہا کمبھ میلے اور شاہی اسنان میں کیا کیا ہوتا ہے؟ جانیے ہندو مذہبی روایت اور عقیدت کی پوری کہانی - MAHA KUMBH 2025

مہا کمبھ میلہ 13 جنوری سے 26 فروری تک جاری رہے گا۔ آج مکر سنکرانتی پر 'شاہی سنان' میں 13 ہندو اکھاڑوں نے حصہ لیا۔

مہا کمبھ میلہ اور شاہی اسنان سے جڑی ہندو مذہبی روایات پر ایک نظر
مہا کمبھ میلہ اور شاہی اسنان سے جڑی ہندو مذہبی روایات پر ایک نظر (ETV Bharat)

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Jan 14, 2025, 10:51 AM IST

Updated : Jan 14, 2025, 11:14 AM IST

یریاگ راج:مہا کمبھ میلہ دنیا کا سب سے بڑا مذہبی اجتماع ہے، جس میں لاکھوں ہندو عقیدت مند، سادھو، سنت پریاگ راج آتے ہیں اور سنگم پر 'شاہی اسنان' کرتے ہیں۔ ہندو مذہب میں مہا کمبھ میلے کے دوران سنگم میں 'شاہی اسنان' یا مقدس غسل کرنے کی خاص اہمیت ہے اور آج مکر سنکرانتی کے موقعے پر پہلا شاہی اسنان ہو رہا ہے۔ اس موقعے پر رات سے ہی لاکھوں کی تعداد میں عقیدت مند کمبھ میلے میں پہنچنا شروع ہو گئے۔ کمبھ کے دوران، 12 کلومیٹر کے دائرے میں موجود تمام گھاٹوں پر کھچاکھچ بھیڑ جمع ہے۔

مہا کمبھ میلہ اور شاہی اسنان سے جڑی ہندو مذہبی روایات پر ایک نظر (ETV Bharat)

گنگا، جمنا اور اساطیری سرسوتی ندی کے سنگم پر اسنان کرنے کا سلسلہ صبح سے ہی جاری ہے۔ خاص طور سے ہندو مذہب کے 13 اکھاڑے صبح 6:15 بجے سے شاہی اسنان میں حصہ لے رہے ہیں۔ اکھاڑوں کے سربراہ رتھ پر سوار ہو کر سادھو، سنتوں اور پیروکاروں کے جلوس کے ساتھ نعرے لگاتے ہوئے سنگم کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ راستے کے دونوں طرف ہزاروں عقیدت مند سادھو سنتوں کے درشن اور استقبال کے لیے کھڑے ہیں۔

اس بار مکر سنکرانتی کے موقعے پر صبح سے شام تک بہت شبھ مانا گیا ہے۔ مکر سنکرانتی ایک ایسا تہوار ہے جو سورج کی پوزیشن کی بنیاد پر منایا جاتا ہے۔ مکر سنکرانتی پر گنگا، جمنا اور سرسوتی ندی کے سنگم میں نہانے کی خاص اہمیت ہے۔

شاہی اسنان کیا ہے؟

ہندو مذہب کے مطابق مہاکمبھ میں 'شاہی اسنان' گنگا، جمنا اور اساطیری سرسوتی ندی کے سنگم پر ہوتا ہے۔ اس عمل کو روحانی تذکیہ اور 'پُنرجنم' کے لیے زندگی میں ایک بار ملنے والا موقع مانا جاتا ہے۔

روحانی تزکیہ

ہندو مذہب میں یہ خیال کیا جاتا ہے کہ شاہی اسنان کرنے سے زندگی بھر کے گناہ (پاپ) دھل جاتے ہیں۔ ہندو صحیفوں کے مطابق کمبھ کے دوران سنگم میں اسنان کرنے سے منفی عمل دور ہوتے ہیں، روح پاک ہو جاتی ہے اور اس سے عقیدت مندوں کو روحانیت کے راستے پر چلنے میں مدد ملتی ہے۔

نجات کا دروازہ

ہندو مذہب میں انسانی جسم کو نجات کا دروازہ کہا جاتا ہے۔ موکش یا آزادی کا مطلب پیدائش اور موت کے چکر سے نجات ملنا ہوتا ہے۔ بے شمار ہندو عقیدت مند کمبھ کے موقعے پر تروینی سنگم میں ڈبکی لگاتے ہیں۔

شبھ وقت

مہا کمبھ میلہ ہر 12 سال میں ایک بار ہوتا ہے، جب مخصوص گرہوں (سیاروں) کی پوزیشن سنگم کے پانیوں کو روحانی طور پر طاقتور بناتی ہے۔ آج 13 جنوری 2025 کو پہلے شاہی اسنان کے لیے سب سے شبھ وقت مانا گیا۔ واضح رہے کہ پہلے شاہی اسنان کو امرت اسنان بھی کہتے ہیں۔

مذہبی روایت کو آگے بڑھانے کا موقع

کمبھ میلہ قدیم روایات سے بھرا ہوا ہے جو نسل در نسل چلی آ رہی ہیں اور دریاؤں کے سنگم پر ڈبکی لگانا صدیوں سے چلی آ رہی مذہبی روایات کا ایک اہم حصہ ہے۔

سادھو سنتوں کا آشیرواد

کمبھ میلے میں پورے بھارت سے سادھو، سنت اور ہندو مذہبی پیشوا جمع ہوتے ہیں۔ ان کے ساتھ سنگم کے شاہی اسنان میں حصہ لے کر عقیدت مند ایک بڑی مذہبی اور روحانی برادری کا حصہ بننے کا احساس کرتے ہیں اور ان کا آشیرواد حاصل کرتے ہیں۔

ذہنی سکون اور توانائی

بہت سے ہندو عقیدت مندوں کا خیال ہے شاہی اسنان کی ڈبکی لگانے سے بے پناہ ذہنی سکون ملتا ہے۔ ان کے مطابق یہ اسنان جسم اور دماغ سے منفی توانائیوں کو دور کرتا ہے اور مثبت سوچ، امید اور مقصد کے تئیں نئے جوش کو جنم دیتا ہے۔

دیوتاؤں سے جڑاؤ

سنگم (جہاں ہندو مذہب کی تین مقدس ندیاں ملتی ہیں) کو دیوتاؤں کا گیٹ وے سمجھا جاتا ہے۔ یہاں شاہی اسنان پر ڈبکی لگانے سے عقیدت مند خود کو دیوتاؤں کے ساتھ گہرائی سے جڑنے کا ایک منفرد تجربہ کرنے کا دعویٰ کرتے ہیں۔

اتحاد کا احساس

مہا کمبھ میلہ ہندوؤں کے اجتماعی عقیدے کا جشن ہے۔ لاکھوں ہندو عقیدت مندوں کا ایک ساتھ شاہی غسل کرنے کا عمل انہیں مشترکہ عقیدے اور عقیدت کی طاقت کا مظاہرہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ مہا کمبھ میلہ نہ صرف ایک مذہبی تقریب ہے بلکہ یہ ہندوؤں کا ایک ثقافتی اجتماع بھی ہے اور یہاں ہندو مذہب و ثقافت کے امتزاج کا زبردست مظاہرہ ہوتا ہے۔

خود شنانی کا سفر

کمبھ میلے میں شاہی اسنان کی مذہبی اہمیت سے ہٹ کر عقیدت مندوں کے لیے اس کا ایک ذاتی تجربہ ہے۔ ہندو عقیدت مند اسے خود شناسی کا ایک منفرد موقع مانتے ہیں، جہاں وہ اپنی زندگیوں پر غور کر سکتے ہیں، ماضی کے بوجھ کو پیچھے چھوڑ سکتے ہیں اور مستقبل کے لیے امید و عزم کا تجربہ کر سکتے ہیں۔

مہا کمبھ میں شاہی اسنان کب کب ہوگا

پہلا شاہی اسنان 13 جنوری 2025 کو

دوسرا شاہی اسنان 14 جنوری 2025 کو مکر سنکرانتی کے موقعے پر

تیسرا شاہی اسنان 29 جنوری 2025 کو مونی اماواسیہ کے موقعے پر

چوتھا شاہی اسنان 2 فروری 2025 کو بسنت پنچمی کے موقعے پر

پانچواں شاہی اسنان 12 فروری 2025 کو ماگھ پورنیما کے موقعے پر

چھٹا اور آخری شاہی اسنان 26 فروری 2025 کو مہاشیو راتری کے موقعے پر ہوگا۔

Last Updated : Jan 14, 2025, 11:14 AM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details