فتح پور: اترپردیش کے فتح پور میں دو مال گاڑیوں کی آپس میں ٹکر ہوگئی۔ حادثہ منگل کی صبح تقریباً آٹھ بجے پیش آیا۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ انجن کے ساتھ گارڈ کا ڈبہ بھی پٹری سے اتر گیا۔ جس ٹریک پر حادثہ پیش آیا اس پر صرف مال ٹرینیں چلتی ہیں۔ حادثے میں دونوں مال گاڑیوں کے لوکو پائلٹ شدید طور سے زخمی ہوگئے۔ انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ریلوے کے اعلیٰ حکام جائے وقوع پر جانچ میں مصروف ہیں۔
پورا واقعہ
کانپور-فتح پور کے درمیان کھاگا کے قریب پمبھی پور میں صبح کے وقت وزارتِ ریل کے تحت ایک کمپنی ڈی ایف سی سی آئی ایل (ڈیڈیکیٹڈ فریٹ کوریڈور کارپوریشن آف انڈیا لمیٹڈ) کے بنائے ہوئے ٹریک پر ایک مال ٹرین کھڑی تھی۔ سگنل لال تھا۔ اس دوران تیز رفتاری سے پیچھے سے آنے والی ایک اور مال گاڑی نے اسے ٹکر مار دی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ کھڑی مال گاڑی کا انجن اور گارڈ کوچ پٹری سے اتر کر ریلوے لائن کے کنارے پر جا پہنچا۔