نئی دہلی:سپریم کورٹ آج دو جنوری کو اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسدالدین اویسی کی درخواست پر سماعت کرے گا جس میں پلیسس آف ورشپ ایکٹ 1991 کو نافذ کرنے کی مانگ کی گئی ہے۔ اس عرضی میں کہا گیا ہے کہ 15 اگست 1947 کے وقت مذہبی مقامات کی جو پہچان تھی، اس کو برقرار رکھا جائے۔ رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی یہ عرضی 17 دسمبر کو ایڈووکیٹ فضیل احمد ایوبی کے توسط سے داخل کی تھی۔
تاہم، 12 دسمبر کو چیف جسٹس سنجیو کھنہ کی سربراہی میں بنچ نے مذہبی مقامات ایکٹ 1991 کا جائزہ لینے اور اس سلسلے میں دائر درخواستوں کی سنوائی کرنے کا فیصلہ کیا۔ سپریم کورٹ نے تمام عدالتوں کو مذہبی مقامات خاص طور سے مساجد اور درگاہوں پر نئے مقدمات کی سماعت کرنے اور زیر التواء مقدمات میں کوئی عبوری یا حتمی حکم دینے سے روک دیا۔
سابقہ سنوائی کے دوران سی جے آئی کی زیرقیادت بنچ نے کہا کہ "چونکہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے، ہم یہ مناسب سمجھتے ہیں کہ کوئی نیا مقدمہ درج نہیں کیا جائے گا اور اس عدالت کے اگلے حکم تک کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔" سپریم کورٹ نے مختلف ہندو جماعتوں کی طرف سے دائر تقریباً 18 مقدمات کی کارروائی روک دی جس میں 10 مساجد کے اصل مذہبی کردار کا پتہ لگانے کے لیے سروے کی درخواست کی گئی تھی، جن میں وارانسی میں گیان واپی، متھرا کی شاہی عیدگاہ مسجد کے علاوہ سنبھل کی شاہی جامع مسجد بھی شامل ہے۔