کولکاتا: مغربی بنگال کے ہاوڑہ میں اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب ایک ٹرین پٹری سے اتر گئی۔ جانکاری کے مطابق شالیمار سکندرآباد سپر فاسٹ ایکسپریس کے تین ڈبے ہاوڑہ کے نول پور میں صبح 5.30 بجے پٹری سے اتر گئے۔ ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ ساؤتھ ایسٹرن ریلوے حکام نے یہ جانکاری دی۔
انہوں نے کہا کہ ہفتہ وار خصوصی ٹرین کولکاتا سے تقریباً 40 کلومیٹر دور نالپور میں پٹری سے اتر گئی۔ ریسکیو کا کام جاری ہے۔ حکام نے یہ بھی بتایا کہ پٹڑی سے اترنے والی بوگیوں میں ایک پارسل وین بھی شامل ہے۔ گاڑی نمبر 22850 سکندرآباد- شالیمار ہفتہ وار ایکسپریس کھڑگپور ڈویژن کے نالپور اسٹیشن سے گزر رہی تھی جب یہ حادثہ پیش آیا۔