سلطان پور: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی ہتک عزت کیس میں منگل کے روز سلطان پور کی خصوصی عدالت میں پیش ہوں گے۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کرنے کے معاملے میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی منگل کو عدالت میں پیش ہوں گے۔
محکمہ انصاف کے ذرائع نے پیر کو بتایا کہ کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کے خلاف ہتک عزت کی شکایت کے معاملے میں 20 فروری کی تاریخ طے کی گئی تھی۔ راہل گاندھی پانچ سال قبل دائر کی گئی شکایت میں ابھی تک عدالت میں پیش نہیں ہوئے ہیں۔عدالت نے قانون کے مطابق ان کے خلاف سمن/ نوٹس بھیجا تھا لیکن اس کے بعد بھی راہل گاندھی عدالت میں پیش نہیں ہو رہے تھے۔
گاندھی کے وکیل کاشی پرساد شکلا نے اپنی آخری پیشی میں راہل گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا کا حوالہ دیا تھا اور کہا تھا کہ وہ ناگالینڈ اور آسام کے درمیان مصروف ہیں۔ پیشگی معلومات نہ ہونے اور وقت کم ہونے کی وجہ سے وہ نہیں پہنچ سکے، اس لیے انہوں نے عدالت سے درخواست کی کہ انہیں وقت دیا جائے اور وہ مقررہ تاریخ پر پہنچ کر ضمانت حاصل کر سکتے ہیں، جس پر عدالت نے 20 فروری کی تاریخ مقرر کی تھی۔ اس دوران راہل گاندھی کی نیا ئےیاترا پیر 19 فروری کو رائے بریلی پہنچی ہے۔