نئی دہلی: کانگریس کی اعلیٰ قیادت نے پیر کو پارٹی سربراہ ملکارجن کھڑگے کی رہائش گاہ پر میٹنگ کی تاکہ یہ فیصلہ کیا جا سکے کہ راہل گاندھی کو وایناڈ اور رائے بریلی لوک سبھا سیٹ میں سے کون سی سیٹ چھوڑنی چاہیے۔ جس کے بعد اب یہ خبر سامنے آرہی ہے کہ راہل گاندھی نے رائے بریلی سیٹ کو برقرار رکھا ہے جبکہ کیرالہ کی وایناڈ سیٹ کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے جہاں سے ان کی بہن پرینکا گاندھی ضمنی الیکشن لڑیں گی۔
یہ فیصلے پیر کو کانگریس کی اعلیٰ قیادت نے پارٹی سربراہ ملکارجن کھڑگے کی رہائش گاہ پر ہونے والی بات چیت کے بعد لیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ میں اس بات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا کہ آیا راہل گاندھی لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر کا عہدہ سنبھالیں گے یا نہیں۔
کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی، پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی اور پارٹی کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال اور پرینکا گاندھی واڈرا میٹنگ میں موجود تھے۔
قابل ذکر ہے کہ لوک سبھا انتخابات 2024 میں راہل گاندھی نے وایناڈ اور رائے بریلی دونوں پارلیمانی حلقوں سے تین لاکھ سے زائد مارجن سے جیت درج کی ہے۔
رائے بریلی گاندھی خاندان کی روایتی نشست ہے جبکہ وایناڈ ایک ایسی سیٹ ہے جہاں کے لوگوں نے راہل گاندھی پر اس وقت اعتماد کیا تھا جب وہ اپنی روایتی سیٹ امیٹھی بھی ہار گئے تھے۔