نئی دہلی: لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے منگل کو وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کی۔ راہل گاندھی سے جب انکی تقریر کے کچھ حصے ہٹانے کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے سخت نکتہ چینی کی انہوں نے کہا کہ مودی حکومت میں کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ راہل گاندھی نے منگل کو صحافیوں سے کہا، 'مودی جی کی دنیا میں سچ مٹایا جا سکتا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ دنیا سے سچ کو نہیں مٹایا جا سکتا۔ مجھے جو کہنا تھا، میں نے کہا، یہی سچ ہے۔ اب حکومت کو جو رکھنا ہے وہ رکھے اور جس کو مٹانا ہے اس کو مٹادے۔ کیونکہ مودی جی کے راج میں سچ اور سچ بولنے والوں کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔
پیر کے روز، لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف کے طور پر راہل گاندھی کی پہلی تقریر کے کئی حصوں کو اسپیکر کے حکم پر حذف کر دیا گیا تھا کونکہ مرکزی حکومت کے لیڈران کی طرف سے سخت تنقید کی گئی تھی۔