نئی دہلی: حج 2024 نہایت منظم اور تمام تر سہولیات کے ساتھ پُرسکون اور اطمینان بخش طریقہ سے مکمل ہوگا۔ چونکہ امسال وزیر ایرانی کی سرپرستی میں عازمین کی سہولت کے لیے تمام انتظامات وقت سے پہلے شروع کر دیئے گئے ہیں۔ وزیرِ اسمرتی زبین ایرانی کی نگرانی میں اعلیٰ سطحی وفد سعودی عرب کا دورہ کرچکا ہے جس کا مثبت اثر حج کی تیاریوں پر پڑ ے گا۔ یہ اطلاع حج کمیٹی آف انڈیا نے آج ایک ریلیز میں دی۔
ریلیز میں حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف ایگزیکٹو لیاقت علی آفاقی نے بتایا کہ حکومتِ ہند اور حکومتِ سعودی عرب کے معاہدے کے مطابق امسال 1,75,025 ہندوستانی مسلمان حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ ان میں بذریعہ حج کمیٹی انڈیا 1,40,025 اور باقی پرائیویٹ ٹوڑ آپریٹرس کے ذریعہ حج ادا کریں گے۔
آفاقی نے مزید بتایا کہ حج کمیٹی آف انڈیا میں تقریباً 1,74,000 حج درخواستیں جمع ہو چکیں ہیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا سے جانے والے عازمین کے لیے حج درخواست جمع کرنے کی آخری تاریخ 20 دسمبر تعین کی گئی تھی جو بعد میں ریاستی حج کمیٹیوں، دیگر تنظیموں اور عازمین کی درخواست و خواہش پر 15 جنوری تک بڑھا دی گئی تھی، 15 جنوری رات بارہ بجے تک آنے والی تمام درخواستیں کو جمع کیا گیا نیز اُن درخواست دہندگان کو بھی درخواست مکمل کرنے کی ایک دن کی مزید اجازت دی گئی۔ جنھوں نے 15 جنوری رات 12 بجے تک حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائڈ پر صرف اندراج کرا دیا تھا-
عازمین حج درخواست جمع کرنے کی تاریخ میں اب توسیع ممکن نہیں ہے، چونکہ سہولیات کی فراہمی اور بہتر انداز میں تیاریوں کے لیے وقت سے پہلے صحیح اعداد و شمار کی ضرروت حج انتظامات سے وابستہ ہر ایجنسی کو ہوتی ہے۔ مثلاً ائیرلائز کو تعداد کے اعتبار سے امبارکیشن پر ہوائی جہاز اور عملے کا بندوبست کرنا ہوتا ہے۔