دوحہ: وزیر اعظم نریندر مودی نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور ان کے والد امیر حمد بن خلیفہ الثانی سے ملاقات کی اور دو طرفہ تعاون کے مستقبل پر مبنی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ وزارت خارجہ کے مطابق وزیراعظم مودی نے قطر کے امیری پیلیس میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی۔ قطر کے امیر نے مودی کا محل میں رسمی استقبال کیا۔
اس کے بعد دونوں فریقین نے وفود کی سطح پر مذاکرات کیے۔ بات چیت میں اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری، توانائی کی شراکت داری، خلائی تعاون، شہری انفراسٹرکچر، ثقافتی بندھن اور عوام کے درمیان روابط سمیت متعدد موضوعات کا احاطہ کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران پی ایم مودی کے ساتھ وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور قومی سلامتی کے مشیر (این ایس اے) اجیت ڈووال بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ پی ایم مودی کا یہ دورہ اس لیے بھی کافی اہم سمجھا جا رہا ہے کیونکہ چند دن قبل ہی قطر نے مبینہ جاسوسی کے الزام میں سزائے موت پانے والے آٹھ سابق بھارتی افسران کو رہا کیا ہے۔
وزیر اعظم نے قطر میں آٹھ لاکھ سے زیادہ بھارتی کمیونٹی کی دیکھ بھال کرنے کے لئے امیر کا شکریہ ادا کیا اور قطر کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے اور گہرا کرنے کے بھارت کے عزم سے آگاہ کیا۔ انہوں نے امیر کو جلد بھارت کے دورے کی دعوت بھی دی۔
قطر کے امیر نے بھی وزیر اعظم جیسے جذبات کا اظہار کیا۔ امیر نے خلیجی خطے میں ایک قابل قدر شراکت دار کے طور پر بھارت کے کردار اور قطر کی ترقی میں متحرک بھارتی برادری کے تعاون اور مختلف بین الاقوامی تقریبات میں ان کی پرجوش شرکت کی تعریف کی۔ ملاقات کے بعد امیری پیلس میں وزیراعظم کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ اس کے بعد مسٹر مودی وطن روانہ ہو گئے۔
اس سے پہلے آج سہ پہر، وزیر اعظم مودی نے دوحہ میں امیر کے والد امیر حمد بن خلیفہ الثانی سے ملاقات کی اور انہیں ان کی دور اندیش قیادت کے لیے مبارکباد دی جنہوں نے گزشتہ دہائیوں میں قطر کی ترقی کی راہ ہموار کی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے بھارت قطر تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ امیر کے والد نے کہا کہ بھارت اور قطر کا اٹوٹ رشتہ ہے، جو باہمی اعتماد اور تعاون کی علامت ہے۔ انہوں نے قطر کی ترقی اور دو طرفہ شراکت داری کو فروغ دینے میں بھارتی برادری کے کردار کی بھی تعریف کی۔