جموں (عامر تانترے): جموں کے مبارک منڈی ہیریٹیج کمپلیکس، جو شخصی راج کی ایک نشانی ہے، کی بحالی کا کام حکومت کی توجہ کا منتظر ہے۔ یہ کمپلیکس اصل میں ڈوگرہ مہاراجوں کی رہائش گاہ ہے جنہوں نے متحدہ جموں و کشمیر پر 1846 سے 1947 تک حکومت کی ہے۔ کمپلیکس کا کام اسکی سابقہ شان بہال کرنے کیلئے شروع کیا گیا تھا۔
دراصل یہ کام مبارک منڈی ہیریٹیج سوسائٹی ( ایم ایم ایچ ایس) کے وجود میں آنے کے بعد 2008 میں شروع کیا گیا تھا، جب سابقہ ریاست پر عمر عبداللہ کی قیادت میں کانگریس نیشنل کانفرنس حکومت برسراقتدار تھی۔ تاہم، حکومت صرف چند چھوٹے منصوبوں کو مکمل کرنے میں کامیاب رہی ہے جن میں آرمی ہیڈ کوارٹر اور میوزیم کی بحالی شامل ہے جبکہ اس ماہ کے آخر تک ایک اور منصوبہ رام سنگھ کوئین کے محل کی تعمیر متوقع ہے۔
پروجیکٹ کا تخمینہ لاگت 298.86 کروڑ ہے جس میں سے اب تک صرف 60 کروڑ روپے کے کام ہی کیے گئے ہیں۔ اس وقت تقریباً چھ مختلف پراجیکٹس پر کام جاری ہے جو کہ مرکزی صحن کے گردونواح تک محدود ہے جب کہ اندرونی اور عقبی جانب محل کا غالب حصہ ابھی تک بحالی کے کام سے محروم ہے۔
یہ محل 14 ایکڑ اراضی پر پھیلا ہوا ہے اور اس کی تاریخ 192 سال سے زیادہ ہے۔
مبارک منڈی ہیریٹیج سوسائٹی ( ایم ایم ایچ ایس) سے وابستہ عہدیداران ان منصوبوں میں تاخیر کا ذمہ دار فنڈز کی کمی اور مالی بحران کو قرار دیتے ہیں۔
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے، سیکریٹری ثقافت دیپیکا شرما، جو ایم ایم ایچ ایس کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر بھی ہیں، نے کہا کہ 2008 میں ایم ایم ایچ ایس وجود میں آیا اور اس کے بعد ایک تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ تیار کی گئی۔ ریاستی حکومت نے حکومت ہند سے فنڈنگ کی درخواست کی اور 2011 میں محل کے آرمی ہاؤس کو بحالی کے کام کیلئے ترجیحی بنیاد پر میوزیم کے ساتھ ساتھ لیا گیا۔ ان کے مطابق 2018 میں پروجیکٹ پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی جسکے بعد 2019 میں کووڈ کی وجہ سے پراجیکٹ رک گیا تھا۔ بعد ازاں مالی بحران آیا۔ تاہم 2024 میں، سوسائٹی کو محکمہ سیاحت سے محکمہ ثقافت کو منتقل کر دیا گیا اور کیپٹل ایکسپنڈیچر سے فنڈز آنے لگے۔
دیپیکا شرما نے کہا کہ موجودہ منصوبوں کو مرکزی صحن کے آس پاس منظور کیا گیا تھا جبکہ پچھلے حصے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) موڈ کے تحت ہیریٹیج ہوٹل کے لیے پہلے ہی منظور کیا جا چکا ہے۔ اس کے لیے احتیاط سے منصوبہ بندی کی گئی ہے اور ہم ایک ٹرانزیکشنل ایڈوائزر کی خدمات حاصل کر رہے ہیں جس کے لیے ٹینڈرز جاری کیے گئے ہیں اور چند مہینوں میں یہ عمل مکمل ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پہلے یہ پروجیکٹ محکمہ سیاحت کے پاس تھا اور کچھ مالی بحران کا شکار تھا لیکن اب یہ محکمہ ثقافت کے پاس ہے اور اب فنڈز تواتر کے ساتھ دستیاب ہورہے ہیں۔
انکے مطابق کمپلیکس میں کوئی ٹھوس کام نہیں کیا جانا ہے اور بحالی کے لیے صرف چونے کے پتھر کا استعمال کیا جانا ہے جن میں رنگوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔ کام کے لیے چونے کا پتھر راجستھان سے لایا جاتا ہے، جبکہ یہاں اس میں مختلف قسم کے رنگ شامل کیے جاتے ہیں۔
سیکرٹری ثقافت نے مزید کہا کہ اس کام میں معمول کے کاموں کے مقابلے میں زیادہ وقت صرف ہوتا ہے کیونکہ ثقافتی ورثے کی جگہوں کی بحالی میں کئی باریکیوں کا خیال رکھنا پڑتا ہے۔
فی الحال رام سنگھ کوئین کے محل پر کام اس ماہ کے آخر تک مکمل ہونے کی امید ہے جبکہ دیگر پانچ پراجیکٹس بھی 2027 تک مکمل ہونے کی امید ہے۔
لیکن یہ منصوبے محل کے سامنے والے حصے تک ہی محدود ہیں جبکہ اندرونی طرف کا زیادہ تر علاقہ خستہ حالی کا شکار ہے اور برسات کے موسم میں بالخصوص مون سون میں محل کی دیواریں ٹوٹ جاتی ہیں اور بعض اوقات گر جاتی ہیں۔