لکھنؤ:پی ڈی ایم مورچہ نے اپنا بریلی امیدوار تبدیل کر دیا ہے۔ مورچہ نے ریاست یار خان کو بریلی لوک سبھا سیٹ سے پی ڈی ایم کا باضابطہ امیدوار بنایا ہے۔ ریاست یار خان اے آئی ایم آئی ایم کوٹے سے اپنی پارٹی کمیراواد کے نشان پر الیکشن لڑیں گے۔ اس سے پہلے مورچہ نے سبھاش پٹیل کو بریلی سے اپنا امیدوار بنایا تھا۔ اس سے پہلے اپنا دل کمیراواد اور اے آئی ایم آئی ایم کے پی ڈی ایم مورچہ نے سات امیدواروں کی فہرست جاری کی تھی۔
واضح رہے، سماج وادی پارٹی کی ایم ایل اے اور اپنا دل کمیراواد لیڈر پلّوی پٹیل نے اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی کے ساتھ مل کر پی ڈی ایم (پسماندہ، دلت، مسلم) نیا مورچہ بنایا تھا، جس کے بعد پی ڈی ایم نے سات سیٹوں پر امیدواروں کا اعلان کیا تھا۔ جس میں بریلی لوک سبھا سیٹ سے سبھاش پٹیل (اب تبدیل ہو کر، ریاست یار خان)، ہاتھرس لوک سبھا سیٹ سے جیویر سنگھ دھنگر، فیروز آباد سے ایڈوکیٹ پریم دت بگھیل، رائے بریلی سے حافظ محمد مبین، فتح پور سے رام کرشن پال، بھدوہی سے پریم چند اور چندولی سے جواہر بند کو امیدوار قرار دیا گیا۔