مہندر گڑھ:ہریانہ کے مہیندر گڑھ ضلع میں ایک اسکول بس الٹنے سے سات بچوں کی المناک موت ہوگئی۔ اس حادثے میں کئی اسکولی بچے شدید زخمی ہوئے ہیں۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب جی ایل پبلک اسکول کی بس کنینا سب ڈویژن کے انہانی گاؤں کے قریب ایک موڑ پر الٹ گئی۔
- قصورواروں کے خلاف کارروائی کا انتباہ
مہندر گڑھ بس حادثے پر ریاستی وزیر تعلیم سیما تریکھا نے رد عمل دیتے ہوئے کہا "قصورواروں کو بخشا نہیں جائے گا۔ سات گھروں کے چراغ بجھا دیے گئے، یہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے۔ اس میں جو بھی قصوروار ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ افسران کو موقع پر پہنچنے کی ہدایت دی ہے۔ سرکاری چھٹی پر سکول کھولنا قانون کی خلاف ورزی ہے۔ سکول انتظامیہ کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ بس کے کاغذات کی بھی جانچ کی جائے گی۔''
- بس میں 35 سے 40 بچے سوار تھے
ذرائع کے مطابق نجی اسکول جی ایل پبلک اسکول کی بس میں تقریباً 35 سے 40 بچے سوار تھے۔ آج سرکاری تعطیل کے موقعے پر بھی سکول چل رہا تھا۔ ذرائع کے مطابق حادثہ جس جگہ پیش آیا وہاں موڑ کے باعث ڈرائیور بس پر قابو نہ رکھ سکا جس کے باعث بس درخت سے ٹکرا کر الٹ گئی۔
- سرکاری چھٹی کے باوجود اسکول کھلا
حیران کن بات یہ ہے کہ عید کی وجہ سے سرکاری چھٹی ہونے کے باوجود آج سکول کھلے رہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم موقعے پر پہنچ گئی۔ زخمی طلباء کو اسپتال بھیجا جا رہا ہے۔ وہیں واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کے اعلیٰ حکام بھی موقعے پر پہنچ گئے۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ حادثہ کس وجہ سے ہوا۔
- زخمی طالب علم کے چونکا دینے والے انکشافات
وہیں مہندر گڑھ کے کنینا میں پرائیویٹ اسکول کی بس حادثے میں زخمی ہونے والے طالب علم نے چونکا دینے والے انکشافات کیے ہیں۔ زخمی طالب علم کا کہنا ہے کہ ڈرائیور نشے میں تھا اور وہ 120 کی رفتار سے بس چلا رہا تھا جس کی وجہ سے توازن بگڑ گیا اور یہ حادثہ پیش آیا۔ حادثے کے بعد ڈرائیور کا طبی معائنہ کرایا گیا ہے۔ رپورٹ آنے کے بعد ہی بتایا جا سکے گا کہ ڈرائیور نشے میں تھا یا نہیں۔
- مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کا اظہار افسوس
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ہریانہ کے مہیندر گڑھ میں اسکول بس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔ امیت شاہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لکھا "زخمی بچوں کو مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ میں ان کی جلد صحت یابی کی تمنا کرتا ہوں۔"
ہریانہ کے سی ایم نایاب سنگھ سینی نے اسکول بس حادثے پر غم کا اظہار کیا۔ نائب سنگھ سینی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لکھا میں تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔