ممبئی:مہاراشٹر میں اسمبلی انتخابات سے ایک دن پہلے، بہوجن وکاس اگھاڑی (بی وی اے) کے کارکنوں نے نالاسوپارہ کے ایک ہوٹل میں ونود تاوڑے کو گھیر لیا، اور بی جے پی پر پیسے تقسیم کرنے کا الزام لگایا۔ اس دوران ہوٹل میں بہوجن وکاس اگھاڑی کے کارکنوں اور بی جے پی کارکنوں کے درمیان جھڑپ ہوئی۔
بتایا جاتا ہے کہ بی وی اے کے کارکنوں نے ویرار کے مشہور ویوانتا ہوٹل میں احتجاج کیا۔ جب بی جے پی کارکن مبینہ طور پر ووٹروں میں پیسے بانٹ رہے تھے تو بہوجن وکاس اگھاڑی کے کارکنوں نے انہیں پکڑ لیا۔ اس کے بعد بی وی اے کے کارکنوں نے ہوٹل میں ہنگامہ شروع کر دیا۔ اطلاع ملنے پر ویرار پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔
بتایا جا رہا ہے کہ نالاسوپارہ ایسٹ کے ویوانتا ہوٹل میں رقم کی تقسیم کا واقعہ سامنے آنے کے بعد نالاسوپارہ کے موجودہ ایم ایل اے اور بہوجن وکاس اگھاڑی کے امیدوار کشتیج ٹھاکر نے فوراً موقع پر پہنچ کر الیکشن افسر اور پولس کو واقعہ کی اطلاع دی۔ اپنے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کشتیج ٹھاکر نے کہا کہ بی جے پی ووٹروں کو متاثر کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر پیسے کا غلط استعمال کر رہی ہے، جو کہ انتہائی افسوس ناک ہے۔