ممبئی: 22 ستمبر 2022 کو مہاراشٹر کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ (ATS) کے ذریعہ ممنوعہ تنظیم پی ایف آئی کے دو مشتبہ ارکان کو گرفتار کیا گیا۔ ان پر کالعدم پی ایف آئی تنظیم سے مبینہ طور پر روابط کا الزام تھا۔ اے ٹی ایس نے ان ملزمان کی گرفتاری کے 90 دنوں بعد بھی چارج شیٹ داخل نہیں کر پائی۔ لیکن اے ٹی ایس نے چارج شیٹ داخل کرنے کے لیے عدالت سے مزید وقت دینے کی درخواست کی۔ چارج شیٹ داخل کرنے کے لیے وقت بڑھانے کی پہلی درخواست پر خصوصی عدالت نے اے ٹی ایس کو مزید 30 دن کی مہلت دی تھی۔ اس کے بعد استغاثہ کو چارج شیٹ داخل کرنے کے لیے مزید 15 دن کا وقت دیا گیا۔ کیونکہ انہیں اس وقت تک حکومت کے محکمہ داخلہ سے مقدمہ چلانے کی اجازت نہیں ملی تھی۔
مشتبہ ملزمین نے خصوصی عدالت میں اس معاملے پر ضمانت کی درخواست دی۔ 18 جنوری 2023 کو خصوصی عدالت نے ان کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔ بعد ازاں مشتبہ ملزمین نے اس فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا۔ اس کے بعد اے ٹی ایس نے مشتبہ ملزمان سے ضبط شدہ الیکٹرانکس گیجٹس سے معلومات حاصل کرنے اور سرکاری محکمے سے قانونی چارہ جوئی کی اجازت لینے کے لیے توسیع کی درخواست کی۔