ممبئی:مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کا آج آخری دن ہے۔ باقی بچے ہوئے تمام جماعتوں کے امیدوار آج کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔ اسی بیچ مہاوتی اتحاد میں شامل شیوسینا (شندے گروپ) نے 15 امیدواروں کی فہرست جاری کی ہے۔ اس فہرست میں بی جے پی لیڈر شائنا این سی کو ممبا دیوی سیٹ سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کی ترجمان شائنا این سی پیر کو این ڈی اے کی حلیف شیوسینا میں شامل ہوگئیں۔ پارٹی نے انہیں ممبادیوی حلقہ سے میدان میں اتارا۔ شائنا این سی نے ریاست میں اسمبلی انتخابات سے چند ہفتے قبل مہاراشٹر کے وزیر اعلی ایکناتھ شندے کی موجودگی میں شیو سینا میں شمولیت اختیار کی۔
شیوسینا نے پیر کو اسمبلی انتخابات کے لیے 15 امیدواروں کی فہرست جاری کی۔ اس میں شائنا این سی کو ممبا دیوی حلقہ سے میدان میں اتارا گیا تھا۔ ممبا دیوی حلقہ ممبئی لوک سبھا سیٹ کا ایک حصہ ہے اور 2009 سے کانگریس کے امین پٹیل اس کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ اس سے پہلے یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ بی جے پی ورلی سیٹ سے شائنا کو میدان میں اتار سکتی ہے، لیکن شیوسینا نے وہاں ملند دیوڑا کو مہاوتی امیدوار کے طور پر کھڑا کیا ہے۔
ورلی اسمبلی حلقہ میں دیوڑا اور شیوسینا لیڈر آدتیہ ٹھاکرے کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ ایک اور بی جے پی امیدوار سنجنا جادھو کو کنڑ اسمبلی حلقہ سے ٹکٹ ملا ہے۔ وہ بی جے پی کے سابق وزیر راؤ صاحب دانوے کی بیٹی ہیں۔ بھنڈوپ ویسٹ سے سابق ایم ایل اے اشوک پاٹل کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ دریں اثنا، وزیر اعلی ایکناتھ شندے نے پیر کو مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات کے لیے کوپری-پچپاکھڑی اسمبلی حلقہ سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔