پٹنہ: اپوزیشن انڈیا بلاک میں سب کچھ ٹھیک نہیں ہے۔ انڈیا بلاک کی سربراہی کو لے کر اپوزیشن پارٹیوں میں بیان بازی کا دور جاری ہے۔
ایک نجی نیوز چینل کو دیے انٹرویو میں مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی انڈیا اتحاد کی کمان تھامنے کا اشارہ دے چکی ہیں۔ اب بلاک میں ان کی حمایت کا دور بھی شروع ہو گیا ہے۔
آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو نے منگل کو زور دے کر کہا کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی سپریمو ممتا بنرجی کو انڈیا بلاک کی قیادت کرنے کا موقع دیا جانا چاہیے۔ لالو پرساد کا یہ تبصرہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بنرجی نے بی جے پی مخالف اتحاد کی ذمہ داری سنبھالنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔
پرساد نے یہ بھی کہا کہ کانگریس، انڈیا بلاک کی ایک بڑی اتحادی ہے، اگر وہ بنرجی کو اپوزیشن فرنٹ کے لیڈر کے طور پر قبول کرنے کے بارے میں کوئی تحفظات رکھتی ہے، تو اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
اپوزیشن بلاک لیڈر کے طور پر انہیں قبول کرنے کے لئے کانگریس کے ریزرویشن کے بارے میں پوچھے جانے پر، لالو نے اپنے بے باک انداز میں کہا کہ، کانگریس کی مخالفت سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ ممتا بنرجی کو انڈیا بلاک کی قیادت کرنے کا موقع دیا جان چاہئے۔
اس سے پہلے، لالو پرساد یادو کے بیٹے اور آر جے ڈی کے سینئر لیڈر تیجسوی یادو نے انڈیا بلاک کی سربراہی کو لے کر محتاط انداز میں ممتا بنرجی کی حمایت کی تھی۔ نھوں نے کہا تھا کہ، انہیں ممتا بنرجی سمیت انڈیا بلاک کے کسی بھی سینئر لیڈر پر کوئی اعتراض نہیں ہے، اگر وہ اتحاد کی قیادت کر رہے ہیں۔ تاہم تیجسوی نے اس بات پر زور دیا کہ فیصلہ اتفاق رائے سے ہونا چاہیے۔