نئی دہلی: اداکارہ سے سیاست دان بنیں کنگنا رناوت نے اپنے بیان سے ایک بار پھر تنازع کھڑا کر دیا۔ انہوں نےکسانوں کے احتجاج کے بعد منسوخ کیے گئے تینوں زرعی اصلاحاتی قوانین کو واپس لانے کی وکالت کی تھی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی ان کے اس بیان کی وجہ سے بیک فٹ پر آگئی ہے اور اس نے کنگنا کے اس بیان سے خود کو الگ کر لیا۔
پارٹی نے ان کے بیان پر سخت تنقید کی ہے اس کی وجہ سے منڈی کی لوک سبھا ممبر پارلیمنٹ نے یو ٹرن لیتے ہوئے کھلے عام اپنے بیان پر معافی مانگی اور کہا کہ میں اپنے الفاظ واپس لیتی ہوں۔
بی جے پی نے اس بیان سے خود کو الگ کرلیا:
قبل ازیں منگل کو بی جے پی نے اپنے تبصروں سے خود کو الگ کیا اور کہا کہ کنگنا رناوت پارٹی کی جانب سے اس طرح کے تبصرے کرنے کی مجاز نہیں ہیں۔ ایک ویڈیو پیغام میں، بی جے پی کے ترجمان گورو بھاٹیہ نے کہا کہ یہ تبصرہ رناوت کا ذاتی بیان ہے اور فارم بل پر پارٹی کے موقف کی نمائندگی نہیں کرتا ہے۔