نئی دہلی:دارالحکومت دہلی میں یوم آزادی کی تقریبات سے پہلے دہلی پولیس کے خصوصی سیل نے آئی ایس آئی ایس ماڈیول کے مشتبہ عسکریت پسند رضوان علی کو گرفتار کرلیا۔ دہلی کے دریا گنج کے رہائشی رضوان کو پولیس نے گرفتار کرلیا جس پر 3 لاکھ روپئے کا انعام رکھا گیا تھا۔ این آئی اے نے رضوان کو عسکری سرگرمیوں میں ملوث اور مفرور قرار دیتے ہوئے اس سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے کو 3 لاکھ روپئے انعام دینے کا اعلانکیا تھا۔
دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے کہا، "آئی ایس آئی ایس کے ماڈیول دہشت گرد کی شناخت رضوان علی کے طور پر کی گئی ہے۔ این آئی اے نے اس پر 3 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا تھا۔ رضوان دریا گنج، دہلی کا رہنے والا ہے"۔ این آئی اے نے دہشت گردی سے تعلق رکھنے والے دیگر مفرور مطلوب افراد کے ساتھ رضوان علی کی تصویر بھی جاری کی تھی۔ قبل ازیں دہلی پولیس نے سیکورٹی انتظامات کو بڑھایا اور القاعدہ اور خالصتان سے منسلک مختلف دہشت گردوں کے پوسٹر لگائے۔
پولیس نے شہر بھر میں پوسٹر لگائے ہیں اور لوگوں کو دہشت گردوں کو پکڑنے میں ان کی مدد کرنے کی ترغیب بھی دی ہے۔ دہلی پولیس نے کہا کہ دہشت گردوں کے بارے میں کوئی بھی معلومات کے ساتھ سامنے آنے والوں کو "مناسب" انعام دیا جائے گا۔ تاہم اطلاع دینے والوں کے نام مخفی رکھے جائیں گے۔