نئی دہلی:یوم آئین پر لوک سبھا میں جمعہ اور سنیچر (13 اور 14 دسمبر) کو بحث ہوئی۔ سنیچر کو وزیراعظم نے بحث کا جواب دیا۔ اپنی پورے خطاب میں پی ایم مودی نے کانگریس کو نشانہ بنایا اور کانگریس پر تنقید کی۔ اپوزیشن کے مطابق پی ایم مودی نے کوئی نئی بات نہیں کی اور پی ایم مودی کا خطاب گھسا پٹا تھا۔
اقراء حسن کے رد عمل سے ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے انھیں پی ایم مودی کے خطاب سے بہت ساری امیدیں وابستہ تھیں لیکن جب پی ایم نے خطاب کیا تو اقراء حسن کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ اقراء حسن کے مطابق وزیراعظم نے آئین پر خطاب کیا لیکن انھوں نے اقلیتوں کو درپیش مسائل پر کچھ بھی نہیں کیا۔ سماجوادی پارٹی کی ایم پی نے کہا کہ، ہمیں مایوسی ہوئی ہے کہ پی ایم مودی نے آئین کے بارے میں بات کی لیکن سنبھل، یوپی میں امن و امان کی صورتحال، اقلیتوں کے حقوق اور منی پور کے مسئلہ پر کچھ نہیں کہا۔ اقراء حسن کے مطابق پی ایم مودی نے اپنے خطاب میں عوام کے مسائل پر توجہ نہیں دی۔