متھرا:ورینداون ریلوے لائن پر کوئلے سے لدی مال گاڑی کے 25 ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ یہ واقعہ بدھ کی رات پیش آیا۔ کوئلے سے لدی یہ ٹرین جھارکھنڈ سے راجستھان کے سورت گڑھ پاور پلانٹ جا رہی تھی۔ اس دوران جینت علاقے میں ایک ایک کر کے تقریباً 25 ڈبے پٹری سے اتر گئے جس کی وجہ سے پٹریوں پر کوئلے کے ڈھیر لگ گئے۔ مال ٹرین میں کل 59 بوگیاں تھیں۔ حادثے کے بعد ڈی آر ایم اور دیگر افسران موقعے پر پہنچے۔
بدھ کی رات جھارکھنڈ سے 59 ڈبوں میں کوئلے سے لدی ایک مال گاڑی راجستھان کے سورت گڑھ پاور پلانٹ جا رہی تھی۔ رات آٹھ بجے کے قریب جینت علاقے میں مال گاڑی کے 25 ڈبے ایک کے بعد ایک پٹری سے اتر گئے۔ اس سے موقعے پر افراتفری پھیل گئی۔ کوئلہ ریلوے لائنوں پر بکھر گیا۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ حادثہ پٹری کا جوڑا ٹوٹنے کی وجہ سے پیش آیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی آر ایم کے علاوہ ریلوے کے دیگر افسران موقعے پر پہنچ گئے۔ حادثے کے بعد متھرا اور دہلی کے درمیان ریل ٹریفک ٹھپ ہو کر رہ گئی۔ جس کی وجہ سے تقریباً 18 ٹرینوں کا رخ موڑنا پڑا۔ آگرہ سے دہلی اور دہلی سے آگرہ جانے والی کئی ٹرینوں کو قریبی اسٹیشنوں پر روک دیا گیا۔