بی جے پی کوانتخابات میں شکست کا خوف (ETV Bharat) اننت ناگ:نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ دہلی میں انکم ٹیکس کے دفتر کو بی جے پی نے نذر آتش کیا ہے کیونکہ بی جے پی کو بھنک لگ گئی ہے کہ انہیں انتخابات میں شکست ہو سکتی ہے۔ اس لیے انہوں نے اپنے خلاف ثبوت کو مٹانے کے لیے انکم ٹیکس کے دفتر میں تمام رکارڈ کو جلا کر ختم کر دیا۔
ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ بی جے پی جانتی ہے کہ آنے والے وقت میں یہی چیزیں ان کے خلاف استعمال ہو سکتی ہیں۔ اس لیے وہ اپنا راستہ صاف کرنے کی کوشش کر رہی ہے، لیکن بی جے پی کو کیا پتہ ایک وقت ضرور آئے گا جب وہی لوگ ساری سچائی سامنے لائیں گے جنہوں نے انکم ٹیکس دفتر میں آگ لگا دی ہے۔
ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ بے جی پی کی شکست طے ہے، اس لیے وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ بی جے پی کی مرکز میں پچھلے دس سال سے حکومت ہے مگر انہوں نے عوام کے لیے کچھ نہیں کیا۔ اگر کچھ کام کیا ہوتا تو آج ان کے اندر اتنی بوکھلاہٹ نہ ہوتی۔
'وہ لوگ ووٹ مانگنے کے لیے اپنا کام دکھاتے۔ چونکہ انہوں نے کوئی کام تو کیا نہیں ہے، اس لیے بی جے پی کے اندر بوکھلاہٹ ہے، ان کے اندر گھبراہٹ ہے۔ ان کو بھی اپنی شکست کا یقین ہو چکا ہے اس لئے وہ یہ سب کر رہے ہیں۔' ان باتوں کا اظہار انہوں نے ضلع اننت ناگ کے شانگس علاقہ میں ایک ورکرس کنونشن کے دوران کیا۔
یہ بھی پڑھیں: