نئی دہلی:کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے جمعہ کو پارٹی کارکنوں کے ذریعہ یو پی میں امن و امان کی صورتحال کے خلاف ریاست گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اتر پردیش میں ڈبل انجن والی حکومت کی سچائی یہ ہے کہ یہ "جنگل راج کی ضمانت" ہے۔
کانگریس کے سابق قومی صدر نے ہندی میں ایکس پر ایک پوسٹ میں الزام لگایا کہ، "اتر پردیش میں امن و امان کی صورتحال اس بات کی سب سے بڑی مثال ہے کہ کس طرح بی جے پی اور مودی میڈیا مل کر 'جھوٹ کے کاروبار' میں ملوث ہیں۔"
خواتین کے خلاف جرائم کے کئی حالیہ واقعات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بعض جگہوں پر نابالغ بہنوں کی لاشیں درختوں سے لٹکی ہوئی پائی جاتی ہیں۔ "کہیں آئی آئی ٹی۔ بی ایچ یو کیمپس میں بی جے پی ممبران کے ذریعہ اجتماعی عصمت دری کی جسارت، اور کہیں ایک خاتون جج کو انصاف نہ ملنے پر خودکشی کرنے پر مجبور کیا گیا۔