نئی دہلی:اگر دہلی یونیورسٹی (DU) کی ایگزیکٹو کونسل نصاب میں مجوزہ تبدیلی کو منظور کرتی ہے، تو اردو مضمون میں پوسٹ گریجویشن کرنے والے طلباء سنت کبیر داس کے اشعار پڑھتے نظر آئیں گے۔ عہدیداروں نے کہا کہ اگر فیکلٹی آف آرٹس کی طرف سے تجویز کردہ ترمیم کو منظوری دی جاتی ہے تو ایم اے اردو کے پہلے سمسٹر کے طلباء کو 'کبیر وانی' کے دوہے پڑھائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے فیکلٹی آف آرٹس نے ایم اے اردو کے پہلے سال کے طلبہ کے نصاب میں دو نصابی کتب شامل کرنے کی تجویز دی ہے۔ ان نصابی کتب میں علی سردار جعفری کی لکھی ہوئی کبیر وانی اور پربھاکر منچوے کی تحریر کردہ کبیر شامل ہیں۔ حکام سے موصول ہونے والی جانکاری کے مطابق، فیکلٹی آف آرٹس کی طرف سے تجویز کردہ ترامیم کے تحت طلباء کو پہلے سمسٹر میں 'کبیر بنی' سے 40 دوہے پڑھائے جائیں گے۔ اگر منظور ہو جاتا ہے تو نصاب میں تبدیلیاں اگست میں شروع ہونے والے 2024-25 کے تعلیمی سیشن سے لاگو ہو سکتی ہیں۔