نئی دہلی: دہلی حکومت میں وزیر آتشی نے جمعرات کو کشمیری گیٹ پر واقع ریاستی انتخابی دفتر میں مبینہ توہین آمیز پوسٹر پر بی جے پی کے خلاف شکایت درج کروائی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے پوری دہلی میں سی ایم کیجریوال اور آپ کے خلاف کئی قابل اعتراض پوسٹر لگائے ہیں۔ ہم نے چھ دن پہلے اس معاملے کی شکایت کی تھی۔ لیکن اب تک بی جے پی کے قابل اعتراض پوسٹروں اور ہورڈنگس پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔
آتشی نے کہا کہ آج ہم نے چیف ایگزیکیوٹو آفیسر دہلی سے ملاقات کی ہے اور قابل اعتراض ہورڈنگز کے خلاف شکایت کی ہے۔ ہمارے لیے تشویش کی بات ہے کہ 6 دن گزر چکے ہیں لیکن اب تک بی جے پی کے قابل اعتراض پوسٹروں اور ہورڈنگز پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔ اگر چھ دن میں کچھ پوسٹرز اور ہورڈنگز کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو پھر بڑے مسائل کا کیا بنے گا؟