نئی دہلی: کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے منگل کو کہا کہ پارٹی کا منشور صرف ایک دستاویز یا گارنٹی نہیں ہے بلکہ اس میں شامل مسائل سماج کے ہر طبقے کی زندگی میں انقلابی تبدیلیاں لانے کی گارنٹی ہے۔
راہل گاندھی نے پارٹی کی اعلیٰ ترین پالیسی بنانے والی باڈی کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں پارٹی کے منشور کو منظوری دے کر پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے کے ذریعہ جاری کرنے کے بعد ایک بیان میں کہا کہ کانگریس کا منشور تمام طبقات کے مفادات کی گارنٹی دیتا ہے اور اس کے نافذ ہونے سے ہر طبقے کی زندگیوں میں تبدیلی یقینی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ آج کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں پارٹی کے منشور پر گہرائی سے بات چیت ہوئی جس میں ہمارے پانچ نیائے (جسٹس) اور 25 گارنٹی شامل ہیں۔ بھارت جوڑو یاترا اور بھارت جوڑو نیائے یاترا کے ذریعے، ہم مسلسل گاؤں سے لے کر لوگوں کے درمیان گیے۔
گاؤں گاؤں، گلی گلی اور ملک کی آواز کو سنا، ہم نے لوگوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں اور ان کی زندگیوں کی جدوجہد کو قریب سے جانا اور سمجھا۔ یہی وجہ ہے کہ ہمارا منشور اور گارنٹیاں محض دستاویزات نہیں ہیں، کروڑوں ہم وطنوں کے ساتھ ہوئی بات چیت سے نکلا ایک روڈمیپ ہے جو روزگار میں انقلاب اور ہر طبقے کی زندگی بدلنے جارہا ہےہے۔
راہل گاندھی نے مزید کہا کہ "ہم پانچ نیائے (جسٹس) کے عہد کے ساتھ کسانوں، نوجوانوں، مزدوروں، خواتین اور پسماندہ لوگوں کے درمیان جائیں گے اور لوگوں کی زندگیوں سے جڑے حقیقی مسائل پر براہ راست الیکشن لڑیں گے۔ کانگریس کی گارنٹیاں: ہم وطنوں کی زندگیوں میں خوشحالی لانے کا عزم ہے۔"