کولکاتا:مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی ہفتے کے روز اچانک کولکاتا میں جونیئر ڈاکٹروں کے احتجاجی مقام پر پہنچ گئیں۔ انہوں نے جونیئر ڈاکٹروں سے جذباتی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ کام پر واپس آجائیں۔ سی ایم ممتا نے یقین دلایا کہ وہ ان کے مطالبات پر غور کریں گی اور جو بھی قصوروار پایا گیا اس کے خلاف کارروائی کریں گے۔ تاہم احتجاج کرنے والے جونیئر ڈاکٹروں نے اپنے مطالبات پر سمجھوتہ کرنے سے انکار کردیا۔
اس دوران احتجاجی ڈاکٹروں کو سالٹ لیک میں سوستھ بھون کے باہر 'ہمیں انصاف چاہیے' کے نعرے لگاتے ہوئے دیکھا گیا۔ نعرے بازی کے درمیان ممتا بنرجی نے جونیئر ڈاکٹروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کریں گی، کیونکہ وہ جمہوری تحریک کو دبانے میں یقین نہیں رکھتیں۔ انہوں نے کہا کہ بنگال اتر پردیش نہیں ہے۔
تاہم، ممتا بنرجی کے احتجاجی مقام پر اچانک پہنچنے اور ان کے وہاں جانے کے بعد بھی معاملہ حل نہیں ہو سکا۔ احتجاج کرنے والے ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ جب تک مذاکرات نہیں ہوتے وہ اپنے مطالبات پر سمجھوتہ کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔
ممتا بنرجی ڈی جی پی راجیو کمار کے ساتھ دوپہر ایک بجے سیکٹر 5 میں احتجاجی مقام پر پہنچی اور وہاں موجود لوگوں کو حیران کردیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ سوچ کر راتوں کو ٹھیک سے سو نہیں پا رہی ہیں کہ ڈاکٹر بارش کے درمیان سڑک پر احتجاج کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 'میں آپ سے وزیراعلیٰ نہیں بلکہ آپ کی دیدی بن کر ملنے آئی ہوں۔'
یہ بھی پڑھیں: ممتا بنرجی نے اسمبلی میں انسداد عصمت دری بل پیش کیا، مجرم کو دس دن میں دی جائے گی سزائے موت