نئی دہلی: کانگریس نے اتوار کو کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے سنکلپ پتر کو معافی نامہ کہا جانا چاہئے، کیونکہ وہ گزشتہ 10 برسوں کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کے ذریعہ کیے گئے ایک بھی معاملے کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ کانگریس لیڈر پون کھیڑا، سپریہ شرینیت اور امیتابھ دوبے نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔
کانگریس کے میڈیا اور پبلسٹی ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین پون کھیڑا نے کہا کہ ’’اس سنکلپ پتر کو معافی نامہ کہا جانا چاہیے۔ وزیر اعظم کو اپنے 10 سالہ دور حکومت میں اپنے منشور کے وعدوں کو پورا نہ کرنے کے لیے ملک کے دلتوں، کسانوں، نوجوانوں اور قبائلیوں سے معافی مانگنی چاہیے۔‘‘
کھیڑا نے الزام لگایا کہ ’’مودی نے ایک ٹاسک فورس بنا کر کالا دھن واپس لانے کا وعدہ کیا تھا، لیکن اس کی جگہ انتخابی بانڈ آ گئے ہیں۔ انہوں نے شمال مشرق میں امن و امان کو مضبوط کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن منی پور میں تشدد ہوا، جو جاری ہے اور وزیراعظم اس پر خاموش ہیں اور غریبی میں اضافہ ہوا ہے۔‘‘
کھیڑا نے کہا کہ ’’وزیر اعظم کا ایک اور بیان 100 نئے اسمارٹ شہر بنانے کا تھا، لیکن چین سرحد پر اسمارٹ گاؤں بنا رہا ہے۔ ملک کے عوام مودی حکومت کے ان جھوٹے وعدوں سے تنگ آچکے ہیں۔"