نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے رکن پارلیمنٹ کنگنا رناوت کے کسان احتجاج پر دیئے متنازعہ ریمارکس سے خود کو الگ کر لیا۔ جے پی نڈا کی زیرقیادت پارٹی نے کہاکہ منڈی کے رکن پارلیمنٹ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مستقبل میں اس طرح کے ریمارکس نہ کریں۔ یہ اس وقت ہوا جب رناوت کے ایک متنازعہ بیان سے تنازعہ کھڑا ہوگیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر اعلیٰ قیادت کافی مضبوط نہ ہوتی تو کسانوں کے احتجاج سے ملک میں بنگلہ دیش جیسی صورتحال پیدا ہوسکتی تھی۔
کنگنا کی طرف سے ایکس پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں، انہوں نے الزام لگایا کہ اب منسوخ کیے گئے تین فارم قوانین کے خلاف کسانوں کے احتجاج کے دوران قتل ہورہے تھے اور عصمت دری ہو رہی تھی۔ وہیں بی جے پی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’بی جے پی ایم پی نے کسانوں کی تحریک کے تناظر میں جو بیان دیا ہے وہ پارٹی کی رائے نہیں ہے۔ پارٹی کنگنا رناوت کے بیان سے اپنے اختلاف کا اظہار کرتی ہے۔